کچھ لوگوں نے بلاوجہ میرے اور رضوان کے درمیان مقابلہ بنا دیا ہے

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں نے بلاوجہ میرے اور رضوان کے درمیان مقابلہ بنا دیا ہے، مجھے رضوان سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے آج نیا ناظم آباد میں آم کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ہے، کچھ لوگوں نے بلاوجہ میرا اور رضوان کا مقابلہ بنا دیا ہے، رضوان اس وقت زبردست کھیل رہے ہیں، ہم سب کو ان کےلیے دعا کرنی چاہیئے، مجھے رضوان سے کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے بھی پی ایس ایل سیزن 6 کے ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجبوری کے عالم میں پی ایس ایل ملتوی کیا۔ سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہوا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جیت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو اس وقت ملتوی کیا گیا جب ایونٹ میں شامل 7 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، پی سی بی حکام کے مطابق سیزن کے بقیہ میچز ستمبر میں کرائے جانے کا امکان ہے۔ پی ایس ایل سیزن 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ میچز کھیل کر صرف ایک میں فتح حاصل کی ہے اور پوائنٹس ٹیبل میں وہ اس وقت آخری نمبر پر موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button