کیا اداکارہ ایمن شوہر کے مطالبے پر شوبز سے علیحدہ ہوئیں؟

معروف اداکار منیب بٹ نے کہا ہے کہ شادی کے فوری بعد شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ اہلیہ ایمن خان کا اپنا تھا، میرا اس میں کوئی کردار نہیں ہے، وہ نہیں چاہتی تھیں کہ شوبز کیرئیر کو ساتھ لے کر چلیں، ایمن خان اور منیب بٹ کی شادی نومبر 2018 میں ہوئی تھی، جس کے بعد ایمن خان نے ٹی وی ڈراموں میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔اداکارہ نے کم عمری سے ہی شوبز انڈسٹری میں قدم رکھ لیا تھا اور اپنی اداکاری کی وجہ سے کم وقت میں بہت جلد شہرت حاصل کرلی تھی، انہوں نے ماضی میں کئی مقبول ٹی وی ڈراموں میں کام کیا جن میں ’باندی‘، ’عشق تماشا‘، ’میری بیٹی‘، ’گھر تتلی کا پر‘، اور دیگر شامل ہیں۔ایمن خان کی منیب بٹ سے شادی کے بعد 30 اگست 2019 کو ان کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی اور حال ہی میں اگست 2023 کو دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، اب طویل عرصے بعد منیب بٹ نے ایمن خان کے شادی کے بعد ڈرامے نہ کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔منیب بٹ نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں شرکت کی، پروگرام کے شروع میں میزبان عمران اشرف نے سوال پوچھا کہ ’کیا آپ کو یکطرفہ محبت کا تجربہ ہے؟‘ جس پر منیب بٹ نے جواب دیا کہ انہوں نے یکطرفہ محبت نہیں کی، شادی سے پہلے بہت سے لوگ پسند ہوتے ہیں جنہیں ہم محبت سمجھ لیتے ہیں لیکن جب اصل میں محبت ہوتی ہے اور پھر جب عشق کا سفر شروع ہوتا ہے تو شادی ہوجاتی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں منیب بٹ نے کہا کہ انہیں اور ایمن کو ایک دوسرے کے موبائل کا پاسورڈ معلوم ہے، جی، ہم دونوں کو ایک دوسرے کا پاسورڈ معلوم ہیں لیکن اب سوچ رہا ہوں کہ پاسورڈ تبدیل کر لوں، اسی دوران ایک مداح نے سوال پوچھا کہ ’ایمن خان شوبز انڈسٹری میں واپس کب آئیں گی؟ جس پر منیب بٹ نے جواب دیا کہ ’جب ان کا شوبز میں واپس آنے کا دل چاہے گا تو وہ ضرور آئے گی، یہ اس کی اپنی زندگی ہے، اس فیصلے میں میرا کوئی عمل دخل نہیں ہے، یہ اس کا اپنا فیصلہ ہے، میں اسے نہیں بتاتا کہ کیا کرنا چاہئے۔
