کیا شاہد آفریدی دوسری شادی کرنے جا رہے ہیں؟


کرکٹ کے میدان میں چھکے اور چوکے لگانے کیلئے مشہور سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے ایک ٹی وی شو میں دوسری شادی کے معاملے پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھر سے نکلتے وقت اہلیہ نے انہیں ہدایات دی تھیں کہ دوسری شادی کے پر بات نہیں کرنی ہے۔ آفریدی کی اس بات سے تاثر ملتا ہے کہ جیسے وہ وہ اپنی گھر والی سے دوسری شادی کے معاملے پر گفتگو کرتے رہتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنے کیریئر، سماجی مسائل اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق کھل کر بات کی۔آفریدی نے نہ صرف اپنے کرکٹ کیریئر پر بات کی بلکہ انہوں نے تعلیم سمیت دیگر سماجی مسائل پر اپنی فلاحی تنظیم کے کاموں پر بھی گفتگو کی اور بتایا کہ ان کے ادارے نے مخیر حضرات کے تعاون سے سندھ اور خیبرپختونخوا (کے پی) کے مختلف علاقوں میں 14 سکولوں کے انتظامات سنبھالنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ان کی سماجی تنظیم بند پڑے سکولوں کے انتظامات سنبھالتی ہے اور دوسرے اداروں یا مخیر حضرات کے تعاون سے تعلیم کی بہتری کے منصوبے چلاتی ہے۔ شاہد آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں لوگوں نے مشورہ دیا تھا کہ اپنے کرکٹ تجربات پر کتاب لکھو، وہ خود بھی مداحوں اور نئی نسل کے ساتھ 20 سالہ کیریئر کے تجربات شیئر کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے اپنی کتاب (گیم چینجر) کے شریک لکھاری وجاہت ایس خان کی بھی تعریف کی لیکن ساتھ ہی اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ ان کی کتاب کے لکھاری کھلاڑی نہیں تھے۔ انہوں نے اس اُمید کا اظہار بھی کیا کہ وہ مستقبل میں دوسری کتاب بھی شائع کریں گے۔
سیاست میں انٹری کے ایک سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ مکمل طور پر سیاست میں شمولیت سے انکار نہیں کرتے تاہم فوری طور پر ان کا سیاست میں داخل ہونے کا امکان نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ زندگی کو روزانہ کی بنیاد پر منصوبہ بندی کے تحت گزارتے ہیں کیوںکہ مکمل اور واضح منصوبہ ساز ایک ہی ہے جو انسان کی زندگی کے فیصلے کرتا ہے۔ شاہد آفریدی نے پروگرام کے دوران شہزاد رائے سے اپیل کی کہ وہ جہاں دوسرے ملک کے سماجی مسائل حل کرواتے ہیں، وہیں وہ ٹک ٹاک کو بھی بند کروائیں۔ شاہد آفریدی نے دلیل دی کہ ملک کے دیہات تک وائی فائی کی صورت میں انٹرنیٹ پہنچ چکا ہے جبکہ تعلیم نہیں پہنچی اور انٹرنیٹ سمیت ٹک ٹاک کو استعمال کرنے کی ایک مقررہ حد ہونی چاہئے اور انہیں استعمال کرنے والوں کو اس بات کا علم ہونا چاہئے کہ کس چیز کو کب اور کتنا استعمال کرنا ہے؟ شاہد آفریدی نے دلیل دی کہ ٹک ٹاک کی ویڈیوز بناتے ہوئے کئی افسوسناک واقعات ہو چکے ہیں کیونکہ انہیں استعمال کرنے والے افراد کو معلومات ہی نہیں ہوتیں۔
شاہد آفریدی نے بچوں کی بہتر پرورش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں بعض بچوں کو سختی اور ہلکی پھلکی مار کی ضرورت پڑتی ہے کیونکہ تمام بچے ایک جیسے نہیں ہوتے۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے اپنی بڑی صاحبزادی کو حال ہی میں 19 برس کی عمر ہوجانے کے بعد موبائل فون لے کر دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ مداح ان سے ملنے کے لیے دن رات ان کے گھروں کے چکر بھی لگاتے رہے اور کئی مداح خواتین نے ان سے شادی کی فرمائش بھی کی۔ سابق کرکٹر نے شادی پر مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بعض مداح خواتین کو یہ کہہ کر ٹال دیا کہ ابھی ان کا شادی کا ارادہ نہیں جبکہ بعض لڑکیوں کو جواب دیا کہ انہوں نے شادی کر لی ہے۔
شاہد آفریدی نے دوسری شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بات کرنے سے معذرت کرتے ہوئے میزبان کو مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کا پروگرام گھر والے بھی دیکھیں گے ۔ سابق کرکٹر نے ہنستے ہوئے کہا کہ شادی کے معاملے پر ٹی وی میزبان بات کر کے مزے لیتے ہیں مگر گھر جا کر جواب تو انہیں دینا پڑتا ہے ، اس لیے وہ مذکورہ معاملے پر بات نہیں کریں گے کیوںکہ ان کا پروگرام اہل خانہ بھی دیکھیں گے۔

Back to top button