کینیڈا میں ہم سٹائل ایوارڈز کی تقریب نے دھوم مچا دی


کینیڈا میں منعقد ہونے والی ہم سٹائل ایوارڈز کی کامیاب تقریب نے ایک مرتبہ پھر دھوم مچا دی ہے۔ اس وقت ہم سٹائل ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان سے کینیڈا پہنچنے والے شوبز ستارے اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جگمگا رہے ہیں، فنکار دیدہ زیب ملبوسات میں مداحوں کی خوشیوں کو بڑھاتے ہوئے خوب داد وصول کر رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر پاکستانی اداکارائوں، فنکاروں کی خوبصورت ملبوسات میں تصاویر، ویڈیوز کو شیئر کیا جا رہا ہے۔

شوبز انڈسٹری کے لیے سال کے سب سے دلچسپ و ولولہ انگیز ایونٹس میں سے ایک آٹھویں ’’ہم ایوارڈز‘‘ کی تقریب کینیڈا میں جاری ہے، جہاں پاکستانی فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے سٹیج کو رونق بخشی۔

تقریب کے شیڈول پر مختلف حلقوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر مشہور شوبز شخصیات کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ شو سے حاصل ہونے والی آمدنی سیلاب متاثرین کی امداد کی کوششوں میں عطیہ کی جائے گی۔ کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں تقریب کا انعقاد ہوا جہاں اداکاروں، موسیقاروں اور ڈانسرز اپنی ریڈ کارپٹ انٹریز، ڈانس نمبرز اور اسٹائل مانٹیجز کے ساتھ جلوہ گر ہوئے، ماہرہ خان نے تقریب میں خوبصورت چمکتا ہوا سیاہ لباس پہن کر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا، اسکے علاوہ ان کی سرخ لباس میں کی گئی پرفارمنس پر بھی انہیں خوب سراہا گیا۔

یاد رہے کہ 8ویں ہم ایوارڈز میں ہانیہ عامر اور فرحان سعید نے اپنی شاندار پرفارمنس سے اسٹیج پر دھوم مچا دی تھی۔ اقرا عزیز اور یاسر حسین جانتے تھے کہ ان کے مداح بے چینی کے ساتھ ان کی ایک جھلک دیکھنے اور ان کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کے لیے بے قرار رہے، زارا نور عباس اور اشنیٰ شاہ جانتی ہیں کہ چاہے ساڑھی پہنی جائے یا پیپلم ڈریس، سرخ رنگ ہمیشہ ہی خوبصورت لگتا ہے۔

عاطف اسلم شیشوں سے مزین جیکٹ پہن کر جلوہ افروز ہوئے، ان کی جیکٹ دیکھ کر مداحوں کے ذہنوں میں سوالات اٹھنے لگے کہ کیا اس جیکٹ کو بھی ان کی اہلیہ نے ہی عالمی شہرت یافتہ گلوکار کے لیے ڈیزائن کیا تھا۔ احمد علی بٹ کا گیٹ اَپ دیکھ کر ایسا لگتا تھا کہ ان کا ڈریس ان کے کامیڈی سکڈ کے لیے تیار کیا گیا تھا، صبور علی اور عائزہ خان نے بھی اپنے منفرد و دلکش ملبوسات کے ساتھ شائقین کی توجہ اور تعریفیں سمیٹیں۔

Back to top button