ہنگو: گیس بھرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک

خیبر پی کے کے شہر ہنگو میں کمرے میں گیس بھرنے سے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ہنگو پولیس کے ترجمان ظاہر حسین نے بتایا کہ خاندان گلشن کالونی میں رشتہ داروں کے گھر رات گزارنے کے لیے آیا تھا، گھر میں سردی کے باعث ہیٹر چلایا گیا تھا۔
خاندان کے افراد ہیٹر بند کیے بغیر سوگئے جس سے رات گئے کمرے میں گیس بھر گئی اور دم گھٹنے سے 6 افراد جان کی بازی ہارگئے، ابتدائی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد پولیس نے نعشیں لواحقین کے حوالے کر دیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ہنگو حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ والدین اور بچوں کی ناگہانی موت پر افسوس ہوا، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ سردیوں میں گیس ہیٹر کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔
یاد رہے کہ ملک کے سرد علاقوں میں ہر سال ہیٹر کے استعمال میں غفلت کے باعث گیس بھرنے سے اموات سامنے آتی رہتی ہیں، پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان کی جانب سے گیس ہیٹر کھلا رکھ کر سونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا تو اگلے روز کافی دیر تک کمرے کا دروازہ کھٹکھٹانے پر کوئی باہر نہ آیا تو دروازہ توڑا گیا تو تمام افراد بے ہوش تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی افراد انہیں کنگ عبداللہ ہسپتال لے کر گئے جہاں تمام افراد کو مردہ قرار دیا گیا تھا۔

Back to top button