یاسر حسین نئی فلم میں بدنام زمانہ سیریل کلر بنیں گے

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے بدنام زمانہ سیریل کلر جاوید اقبال کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں اداکار و میزبان یاسر حسین کے کردار کی پہلی جھلک سامنے آگئی۔یاسر حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی آنے والی فلم کا پہلا پوسٹر شیئر کیا۔

اپنی پوسٹ کے کیپشن میں یاسر حسین نے لکھا کہ جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر’ جلد آرہی ہے۔گزشتہ دنوں اداکارہ عائشہ عمر نے تصدیق کی تھی کہ وہ اور یاسر حسین جلد ابو علیحہ کی ہارر فلم میں دکھائی دیں گی۔

عائشہ عمر نے بتایا تھا کہ وہ اور یاسر حسین، لاہور کے بدنام زمانہ سیریل کلر جاوید اقبال کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔اداکارہ نے بتایا تھا کہ فلم کی ہدایات اور کہانی ابو علیحہ نے لکھی ہے اور جلد ہی اس کی شوٹنگ بھی شروع کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ جاوید اقبال مغل 100 بچوں کے قتل اور انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مجرم تھا۔

1999 میں جاوید اقبال نے پولیس کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے 100 بچوں کے قتل کا اعتراف کیا تھا جن کی عمریں 6 سے 16 سال کے درمیان تھیں، اس نے ساتھ میں یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ اس نے ان بچوں کو گلا گھونٹ کر مارا اور ان کے جسم کے کئی ٹکڑے کیے۔جاوید اقبال مغل نے 2001 اکتوبر میں لاہور کی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔

Back to top button