حد سے زیادہ کامیابی سے ڈر لگتا ہے
معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے کہا ہے کہ وہ حد سے زیادہ کامیابی سے ڈرتی ہیں، کیوںکہ پہلے ہی انہوں نے موسیقی میں شہرت کی وجہ سے اپنے پیاروں کو خود سے دور جاتے دیکھا۔
حال ہی میں حدیقہ کیانی نے شوبز ویب سائٹ ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں اپنے کیرئیر اور ذاتی زندگی پر کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ انہوں نے زمانہ طالب علمی سے ہی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
گلوکارہ نے بتایا کہ ان کی پیدائش راولپنڈی میں ہوئی تھی مگر جب وہ تین سال کی تھیں تب ان کے والد انتقال کرگئے تو وہ والدہ سمیت لاہور منتقل ہوگئیں،
اداکارہ کے مطابق ان کے والد فوج میں تھے جب کہ ان کی والدہ پرنسپل تھیں اور انہوں نے کم عمری میں ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر بچوں کے پروگرامات سے کیریئر کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ کالج میں تھیں تب ہی انہوں نے پی ٹی وی پر کام کرکے کمائی کرنا شروع کی تھی اور والدہ کو مالی معاونت فراہم کرتی رہیں، حدیقہ کیانی کے مطابق ان کے بھائی بھی ان کی طرح موسیقی میں دلچسپی رکھتے تھے، انہوں نے پہلا گانا بھائی کی مدد سے ہی ریلیز کیا تھا۔
گلوکارہ و اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ ان کے بھائی تنگ نظر نہیں تھے مگر اس وقت معاشرے کے دباؤ کی وجہ سے ان کے بھائی قدرے تنگ نظر تھے، جس وجہ سے انہیں بھائی سے ڈر بھی لگتا تھا۔
