پنجگور اور نوشکی میں 15 دہشت گرد ہلاک

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ پنجگور اور نوشکی میں 15 دہشتگرد مارے گئے ہیں، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں اور شہید فوجیوں کی تعداد سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بدھ کی شام بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں 2 الگ الگ حملوں میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچاتے ہوئے حملوں کو کامیابی سے ناکام بنادیا گیا۔

وزیر داخلہ نے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ نوشکی میں 9 دہشت گرد مارے گئے اور 4 فوجی شہید ہوئے، جبکہ پنجگور حملے میں 6 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کو دونوں جگہوں سے پسپا کر دیا گیا اور پاک فوج نے اپنی روایت کو زندہ رکھا۔

انھوں‌ نے کہا کہ پنجگور میں 4 سے 5 افراد فوج کے گھیرے میں ہیں جنہیں پاک فوج شکست دے گی، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج نے یہ ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے، وزیر داخلہ نے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں گزشتہ رات دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے پر بہادر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم اپنی بہادر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں.

بلوچستان: ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ، ایک فوجی شہید،چار دہشتگرد ہلاک

جنہوں نے بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنایا، قوم ہماری سیکورٹی فورسز کے پیچھے متحد کھڑی ہے جو ہماری حفاظت کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔

حملوں کو ناکام بنانے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’دہشت گرد ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کو بزدلانہ حملوں سے ڈرا نہیں سکتے، ہماری سیکیورٹی فورسز تاریخ رقم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا مقابلہ دنیا کی بہترین فوج سے ہے جو انہیں ہر محاذ پر شکست دے گی، ان کی قربانیاں ان کے شانہ بشانہ کھڑی قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔

اس حملے کے 2 دن بعد ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں 2 بم دھماکوں میں بگٹی قبیلے کے ایک بزرگ سمیت لیویز فورس کے 3 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔30 جنوری کو ضلع جعفر آباد کے شہر ڈیرہ اللہ یار میں دستی بم حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوئے تھے۔

Back to top button