جویریہ اور انکی بیٹی ایک ہی ہیرو کی ہیروئینز کیسے بن گئیں؟


پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ میں شاید یہ واحد واقعہ ہو کہ ایک اداکارہ اور انکی بیٹی ایک ہی ہیرو کی ہیروئینز بنی ہوں۔ معروف اداکارہ جویریہ عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور ان کی بیٹی ایشیا کی پہلی ماں بیٹی ہیں جنہوں نے اسکرین پر ایک ساتھ اکٹھے کام کیا ہو۔ جویریہ عباسی نے بتایا کہ وہ اور ان کی بیٹی ایک ہی ڈرامے میں ایک ہی ہیرو کی ہیروئنز بھی بن چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عنزیلہ اور انہوں نے ’بے بی‘ نامی ڈرامے میں ایک ساتھ کام کیا جس میں انہوں نے اپنی بیٹی کی زائد العمری کا کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق ان کی بیٹی کو ڈرامے میں جوان دکھایا گیا تھا جب کہ انہیں جب ڈھلتی عمر کی خاتون دکھایا گیا تو انہیں وہ کردار دیا گیا، یعنی وہ اور ان کی بیٹی ایک ہی ہیرو کی ہیروئنز بنیں۔ یاد رہے کہ اس ڈرامے میں جویریہ عباسی اور انکی بیٹی عنزیلہ عباسی کے والد کا کردار بہروز سبزواری نے ادا کیا تھا۔

جویریہ اور اداکار شمعون کی بیٹی عنزیلہ عباسی بھی ماڈلنگ کے بعد اداکاری میں آئی ہیں اور انہوں نے اب تک ایک درجن کےقریب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔عنزیلہ عباسی اپنے بولڈ لباس اور انداز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا نشانہ بھی بنتی رہتی ہیں، تاہم انہیں اپنے فنکار والدین کی بیٹی ہونے کے باعث بھی شہرت مل رہی ہے۔ حال ہی میں جویریہ عباسی نے فضا علی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے زندگی کے مختلف معاملات پر بات کرنے کے علاوہ بیٹی کی اداکاری پر بھی بات کی۔جویریہ عباسی نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا جب کہ وہ شروع سے ہی پڑھائی سے بھاگتی تھیں۔ ان کے مطابق وہ بہت بڑے خاندان میں پیدا ہوئیں، جتنی ان کی خالائیں تھیں، اتنے ہی ان کے ماموں تھے اور وہ ننھیال کے ہاں پلی بڑھیں اور نازوں سے انہیں پالا گیا۔

انہوں نے شوبز کیریئر پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد اور والدہ لکھاری تھے لیکن انہیں شروع سے ہی اداکاری اور ماڈلنگ کا شوق تھا، اسی لیے انہوں نے آغاز میں انتہائی فضول کام بھی کیے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ایسے اشتہارات میں بھی کام کیا، جن میں ان کی جھلک چند سیکنڈ دکھائی گئی اور انہوں نے صرف بوتل کو ایک جگہ سے اٹھا کر دوسری جگہ رکھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شوبز میں جگہ بنانے کے لیے انہوں نے درجنوں مختصر کردار ادا کیے اور ایسے منفی کردار بھی کیے جن پر انہیں خود بھی تعجب ہوتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک ایسا کردار بھی ادا کیا تھا، جس میں وہ اپنے شوہر کے لیے دوسری بیوی تلاش کرتی ہیں۔

جویریہ کے مطابق اس ڈرامے میں وہ امیر خاتون ہوتی ہیں اور خود بچہ پیدا نہیں کرنا چاہتیں، اس لیے وہ شوہر کے لیے غریب خاتون کو بیوی کےطور پر تلاش کرتی ہیں اور انہیں اس ڈرامے میں انتہائی منفی کردار میں دکھایا گیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنی بیٹی عنزیلہ عباسی کی تعریفیں کیں اور اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ انہیں شوبز میں اچھا مقام حاصل ہے۔

Back to top button