2021 میں پاکستانی سوشل میڈیا پر کونسی میمز ہٹ ہوئیں؟


سال 2021 میں پاکستانی سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے جن میمز کو سب سے ذیادہ پسند کرتے ہوئے شیئر کیا گیا ان میں امریکی صدارتی امیدوار برنی سینڈرز کے دستانے پہنی ایک تصویر، پاوری گرل کا یہ ہم ہیں اور یہ ہماری کار والا ویڈیو کلپ، پریانکا چوپڑا کا لباس اور نیٹ فلکس سیریز سکوئڈ گیمز کے ایک کیریکٹر کی تصویر شامل رہی۔ سال 2021 کے دوران مختلف مواقع پر سامنے آنے والی تصاویر، ویڈیوز اور ان سے حاصل کردہ سکرین شاٹس ایسے نمایاں ہوئے کہ ہر موقع پر بےدھڑک استعمال کیے گئے۔
انٹرنیٹ، باالخصوص سوشل میڈیا پر ایک ہی وقت میں مختلف ملکوں کے صارفین کی موجودگی بظاہرغیرمتعلق موضوعات کو بھی متعلق بنا دیتی ہے، شاید اسی لیے میمز کے معاملے میں بھی صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والا مواد بھی مقامی ٹائم لائنز پر زیرگردش رہا۔
ضعیف العمر امریکی صدارتی امیدوار برنی سینڈرز کی منفرد دستانے پہنے تصویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی تو صارفین نے اسے اپنی مرضی کی ہر اس جگہ پر استعمال کیا جہاں وہ کسی پر تنقید یا مزاح کا ماحول پیدا کرنا چاہتے تھے۔ اس معاملے کو کئی ماہ گزرنے کے باوجود اس تصویر کو شئیر کرنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
اسی طرح پاکستانی انسٹاگرام صارف دنانیر مبین کا ایک مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس میں وہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ یہ ہم ہیں، یہ ہماری کار یے اور یہ ہماری پاوری ہو رہی یے۔ اس ویڈیو کلپ کو پاکستان اور انڈیا میں نہ صرف خوب دیکھا گیا بلکہ مختلف انداز میں اسے نئے سرے سے بنائے جانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
جنوری کے مہینے میں اسلام آباد کے ایک ریستوران کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں خاتون مالک اپنی ایک دوست کے ساتھ مینیجر سے انگلش میں گفتگو کرتی اور اس کی انگلش کی غلطیاں نکالتی دکھائی دیتی ہیں، یہ ویڈیو سامنے آئی تو سوشل میڈیا صارفین نے خاتون مالکن کے خلاف سخت رد عمل کا اظہار کیا اور یہ ویڈیو پاکستان بھر میں وائرل ہوگئی۔ اگرچہ بعد میں ریستوران کی جانب سے معاملے کی خاصی وضاحت کی گئی تاہم دونوں خواتین کی مینیجر سے گفتگو کی ویڈیو اور اس کے سکرین شاٹس خاصا عرصہ ٹائم لائنز پر زیرگردش رہے۔
حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اور ٹیلی ویژن میزبان عامر لیاقت حسین نے قومی ایتھلیٹ نسیم حمید کے ساتھ ایک ٹی وی پروگرام کے سیٹ پر دوڑ لگائی، لیکن تیزی سے دوڑتے ہوئے عامر لیاقت زور سے گر گے۔ یہ منظر بھی پاکستانی سوشل میڈیا پر نہ صرف وائرل ہوا بلکہ میمز کی دنیا میں بھی خوب زیربحث رہا۔
ایک اور موقع پر پروگرام کے دوران عامر لیاقت نے ناگن ڈانس کیا تو یہ وہ بھی خاصا وائرل رہا۔
اسج طرح کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم نے انڈین سائیڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تو میچ کے اختتام پر انڈین کپتان وراٹ کوہلی کی پاکستانی کپتان بابراعظم اور بلےباز محمد رضوان کے ساتھ ایک تصویر بھی خاصی وائرل رہی۔ اس تصویر میں اگرچہ انڈین کپتان میچ میں کامیابی پر پاکستان کی اوپننگ جوڑی کو سراہتے دکھائی دیتے ہیں تاہم شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین نے اسے مختلف مواقع پر اپنے اپنے انداز میں استعمال کیا۔ ٹی20 ورلڈ کے کے دوران ہی پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ایک تصویر بھی خوب شیئر کی گئی جس میں ان کا صرف مسکراتا چہرہ ہی دیکھا جا سکتا ہے۔
تحریک انصاف کی رہنما اور سابق ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام کے دوران دوسرے مہمان کو تھپڑ مارا تو کئی روز تک یہ سیاسی لڑائی بھی ٹائم لائنز پر نمایاں رہی۔ دسمبر میں بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کی وکی کوشل سے شادی ہوئی تو صارفین سلمان خان کی کہیں حیرت اور کہیں پریشانی کا اظہار کرتی تصویر، جوڑے کی تصویر کے ساتھ جوڑ کر شیئر کرتے رہے۔
پاکستانی ٹیلی ویژن میزبان ندا یاسر نے نجی ٹیلی ویژن اے آر وائی کے مارننگ شو میں فارمولہ کار ریسنگ سے متعلق دو نوجوانوں کا انٹرویو کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے فارمولہ کار ریسنگ کی گاڑی چھوٹی ہونے، ایک ہی سواری، پھر فارمولہ بننے اور تجربہ باقی جیسی گفتگو کی تو ان کے پروگرام کا ویڈیو کلپ ہی نہیں، بلکہ میمز کا سلسلہ شروع ہوا تو مختلف انداز میں ان کی تصاویر بھی خوب وائرل رہیں۔ ندایاسر کی اس گفتگو پر تبصرہ کرنے والوں کا موقف تھا کہ انہیں معاملے پر گفتگو سے قبل تحقیق کر لینی چاہیے تھی۔ ندا یاسر کے شوہر اداکار یاسرنواز نے اس انٹرویو کا ری میک کلپ بنایا تو وہ بھی خوب وائرل ہوا۔
اسی طرح افغانستان سے امریکی اور اتحادی افواج واپس لوٹیں، طالبان نے اگست میں کابل کا کنٹرول واپس لیا تو انڈین ٹیلی ویژن میزبان ارنب گوسوامی نے اس پر ایک پروگرام کیا۔ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ کابل میں سرینا ہوٹل کے پانچویں فلور پر پاکستانی ایجنسی کا قبضہ ہے۔ اس ہوٹل میں چونکہ پانچواں فلور ہے ہی نہیں، اس لیے یہ بات سامنے آنے کی دیر تھی کہ انڈیا اور پاکستان میں ارنب گوسوامی کی تصویر مقبول ترین میم بن گئی اور اس کا مذاق اڑایا جانے لگا۔

Back to top button