2022 میں دنیا سے رخصت ہونے والی معروف شوبز شخصیات

2022 اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے، لیکن جاتے جاتے کئی معروف شخصیات کو بھی اپنے ساتھ لے گیا، اس برس دنیا سے کوچ کر جانے والی شوبز شخصیات میں سب سے پہلی شخصیت معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین تھے جنکا انتقال 9 جون کو ہوا۔ اپنی متنازعہ حرکتوں کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہنے والے عامر لیاقت حسین کی موت بھی پراسرار حالات میں واقع ہوئی، ان کی موت کے حوالے سے حقائق تا حال تحقیق طلب ہیں کیونکہ انکی تیسری اہلیہ دانیہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں قتل کیا گیا ہے اور انکا پوسٹ مارٹم کروایا جائے، تاہم ان کی پہلی اہلیہ بشریٰ  کی درخواست پر ایسا نہیں ہو پایا اور عامر کی موت کی اصل وجوہات کا پتہ بھی نہیں چل پایا۔

13جولائی 2022 کو پی ٹی وی کے مقبول ڈرامے جانگلوس سے شہرت حاصل کرنے والے سینئر اداکار تنویر جمال موذی مرض کینسر سے لڑتے ہوئے زندگی کی جنگ ہار گئے۔ وہ کینسر کے علاج کے لیے جاپان گئے تھے لیکن زندہ واپس نہ آ پائے۔ یاد رہے کہ ان کی اہلیہ کا تعلق بھی جاپان سے ہے۔ 21 اگست 2022 کو بلبلِ پاکستان کہلانے والی معروف گلوکارہ نیّرہ نور بھی چل بسیں، ان کی موت کے ساتھ  گائیکی کا ایک سنہری اور سریلا عہد تمام ہوا۔ 25 نومبر 2022 کو فلم اور ٹی وی کے معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے، اسماعیل تارا نے 1964 میں اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا اور پھر انہوں نے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اسماعیل تارا نے سب سے پہلے پی ٹی وی کے پروگرام ففٹی ففٹی سے شہرت حاصل کی تھی۔مرحوم نے کئی کامیاب اور مقبول فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

19 نومبر 2022 کو جگر کے عارضہ میں مبتلا معروف کامیڈین اور تھیٹر اداکار طارق ٹیڈی بھی لاہور میں انتقال کر گئے، 23 نومبر 2022 کو معروف شوبز جرنلسٹ اور ٹی وی میزبان نوید رشید المعروف ٹونی بھی انتقال کر گئے، خوش گفتار اور خوش طبیعت ٹونی ہارٹ اٹیک کے باعث اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ 2 دسمبر 2022 کو فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار اور تماثیل تھیٹر کے مالک افضال احمد لاہور کے جنرل ہسپتال میں برین ہیمرج کے باعث انتقال کر گئے، افضال نے اپنی زندگی کے آخری بیس برس وہیل چیئر پر گزارے اور اس دوران ان کے بیوی اور بچے بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

بے شمار دلوں پر راج کرنے والے معروف کامیڈین اور اداکار خواجہ مسعود گردوں کے عارضے کے باعث 20 جون کو انتقال کر گئے۔ معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی 15 اپریل کو 74 برس کی عمر میں‌ دار فانی سے کوچ کرگئیں، نامور اداکار مسعود اختر 5 مارچ کو کینسر کے موذی مرض سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ شوبز انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار رشید ناز 17 جنوری کو 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

Back to top button