2023 میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کونسے تنازعات کا شکار ہوئی؟

شوبز انڈسٹری اور تنازعات کا چولی دامن کا ساتھ ہے، جبکہ اکثر اوقات اس کی وجہ فنکار ہی ہوتے ہیں، ڈرامہ سیریل ’’تیرے بن‘‘ کا متنازع سین، لکس سٹائل ایوارڈز کے فاتحین کے انتخاب پر تنقید ہو یا اداکار فیروز خان کا ساتھی اداکاروں کے نمبرز سوشل میڈیا پر ڈالنے کا واقعہ، رواں سال سوشل میڈیا پر شوبز سے متعلق کئی موضوعات ٹاپ ٹرینڈ رہے۔’’تیرے بن‘‘ 2023 کے کامیاب ڈراموں میں سے ایک ہے جس میں وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی اداکاری کو کافی پسند کیا گیا، ڈرامے کی 46ویں قسط کے آخر میں مرکزی کرداروں میرب اور مرتسم کے درمیان ’’میریٹل ریپ‘‘ کا ایک سین دکھایا گیا جسے سوشل میڈیا صارفین نے غیر اخلاقی قرار دیا، اس متنازع سین کے نشر ہونے کے بعد اُٹھنے والے شور نے پروڈیوسرز کو مجبور کر دیا کہ وہ کہانی کو تبدیل کر کے لوگوں کا غصہ ٹھنڈا کریں۔اسی ڈرامے کے ہدایت کار سراج الحق نے آگے جا کر ایک اور ڈرامے ’’سکون‘‘ میں بھی دو کرداروں کے درمیان ’’میریٹل ریپ‘‘ کا سین دکھایا اور اسے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ڈرامہ سیریل ’’حادثہ‘‘ کی کہانی کو 2020 میں ہونے والے موٹروے ریپ کیس سے مماثلت رکھنے کی وجہ سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اگست کے آخر میں ڈرامے کی نشر ہونے والی قسط میں دکھایا گیا تھا کہ موٹر وے پر ایک خاتون کو ان کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، اس قسط کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ صحافیوں نے بھی آواز اٹھائی، ڈرامے میں مرکزی کردار حدیقہ کیانی نے ادا کیا تھا لیکن ان کی وضاحت بھی شائقین کا غصہ نہ کم کر سکی۔ڈرامہ سیریل مائی ری مختلف وجوہات کی بنا پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنا۔ پہلے ڈرامے میں چائلڈ میرج دکھانے پر صارفین نے غصے کا اظہار کیا بعدازاں ڈرامے میں کم عمر لڑکی کو حاملہ دکھانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی گئی، مصنفہ ثنا فہد کا لکھے گئے اس ڈرامے کی کہانی کم عمری میں شادی کے گرد گھومتی ہے جس میں مرکزی کردار عینی (عینا آصف) کو 15 برس کی عمر میں حاملہ دکھایا گیا تھا۔سال کے آغاز میں پاکستانی اداکار فیروز خان خبروں میں اس وقت آئے جب انہوں نے ایک ایسی عدالتی دستاویز سوشل میڈیا پر شئیر کی جس میں ان کے خلاف سوشل میڈیا پر بات کرنے والے تمام ساتھی اداکاروں کے موبائل نمبرز درج تھے، اس متنازع پوسٹ میں عثمان خالد بٹ، یاسر حسین اور منیب بٹ سمیت کئی اداکاروں کے موبائل نمبرز موجود تھے۔ٹی وی اور فلم کے کئی اداکاروں نے رواں برس ہونے والے لکس سٹائل ایوارڈز پر بھی کافی تنقید کی۔ایک ہی اداکارہ کو کریٹکس ایوارڈ کے ساتھ ویورز چوائس ایوارڈ دینے پر اسی کیٹیگری میں نامزد ہونے والی سجل علی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی جس میں انہوں نے ایوارڈ دینے والوں پر تنقید کی۔چوبیس سالہ پاکستانی ماڈل ایریکا رابن نے اس سال مس یونی ورس کے مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔مقابلہ حسن میں ان کی شرکت کو جہاں کئی لوگوں نے سراہا وہیں بعض نے ان پر تنقید بھی کی، مس یونیورس کے لیے پاکستانی ماڈل کا انتخاب: ‘بکینی پہنوں گی نہ کچھ ایسا کروں گی جس سے ملک پر بات آئے، جماعتِ اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر پاکستانی خاتون کے منتخب ہونے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے میں شرکت پاکستان کی توہین اور خواتین کا استحصال ہے۔
