یوٹیلیٹی سٹورزکارپوزیشن کےملازمین کیلئے27ارب کامالی پیکیج تیار

وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کیلئے 27 ارب روپے کا بڑا مالی پیکیج تیار کر لیا ہے جسے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں ارکان نے یوٹیلٹی سٹورز کی ممکنہ بندش اور ملازمین کو واجبات کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

سیکرٹری صنعت و پیداوار نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملازمین کیلئے خصوصی مالی پیکیج تیار کیا گیا ہے جو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظوری کے بعد نافذ ہوگا۔

پیکیج میں 15 سے 18 ارب روپے ملازمین کی رضاکارانہ علیحدگی سکیم (VSS) کیلئے رکھے گئے ہیں، جبکہ 13.8 ارب روپے وینڈرز کو واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذمے مجموعی طور پر 54 ارب روپے کے قرضے واجب الادا ہیں۔ ادارے کے تقریباً 11 ہزار ملازمین میں سے صرف 300 افراد کو نجکاری کے عمل تک برقرار رکھا جائے گا۔

کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کیلئے پیکیج کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔ اجلاس میں ملک بھر میں شدید بجلی کی بندش کا بھی معاملہ اٹھایا گیا۔

چیئرمین کمیٹی فاروق ستار نے کہا کہ کئی علاقوں میں 15، 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ کمیٹی نے وزیر توانائی کو اگلے اجلاس میں طلب کر کے بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔

Back to top button