وزیرخارجہ اسحقٰ ڈارکی سعودی حکام سے ملاقاتیں

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے جدہ میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی، جس میں غزہ کی سنگین صورتحال اور خطے کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحٰق ڈار نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے بھائی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات کر کے بے حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ملاقات او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔
وزیر خارجہ کے مطابق ملاقات میں غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور خطے میں امن کی کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پاک سعودی دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات میں علاقائی اور عالمی معاملات بھی زیر بحث آئے۔
خیال رہے کہ اسحٰق ڈار دو روزہ دورے پر سعودی عرب میں ہیں جہاں انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) وزرائے خارجہ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ "گریٹر اسرائیل منصوبہ ناقابل قبول اور امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان اسے سختی سے مسترد کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں قحط کی سنگین صورتحال ہے، اس وقت عالمی برادری کو فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس کے ساتھ ہی غزہ میں انسانی امداد کی محفوظ رسائی اور جبری بے دخلی و غیر قانونی قبضے کے خاتمے پر زور دیا۔
