آرمی چیف کیخلاف مہم چلانےوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی،عطا تارڑ

 وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نےکہا ہے کہ آرمی چیف کے دورہ برطانیہ کے دوران مہم چلانےوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آرمی چیف برطانیہ کےدورے پر ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس سے پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔برطانیہ میں چیف آف آرمی اسٹاف کو ملنی والی عزت اور وقار تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہوا ۔

عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کو آرمی چیف کا برطانیہ میں پرتپاک استقبال ہضم نہیں ہوا،اس لیےمٹھی بھر شرپسند عناصرسوشل میڈیا پر مہم چلارہےہیں جبکہ کچھ لوگوں نے احتجاج بھی کیا، تاہم محب وطن پاکستانیوں نےشرپسند عناصر کی اس مہم کو مسترد کردیا ہے، جو کوئی بھی پاکستان کی سالمیت، بقا اور مفاد کو نقصان پہنچائے گا اس کیلئےقانون موجود ہے۔

وفاقی وزیر نےکہا کہ مہم چلانے اوراحتجاجیوں کیخلاف قانون کے اندر رہتے ہوئے  کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایکشن لازمی لیا جائے گا،جہاں ملکی مفاد کی بات ہو، تحریک انصاف کے لئے یہ بات ہضم کرنا مشکل ہے کیونکہ ان کیلئےپاکستان کوئی معنی نہیں رکھتا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، معیشت میں واضح بہتری آ رہی ہے، معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں، ترسیلات زر میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا ترسیلات زر بھجوانے میں اہم کردار ہے، ایک طرف بیرون ملک پاکستانی ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں اور دوسری جانب شرپسند ٹولہ پاکستان سے دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، اس ٹولے نے انتشار پھیلایا، نفرتیں اور تقسیم پیدا کی ہیں۔

عطا تارڑ نے نے تحریک انصاف کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس ٹولے نے دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جناح ہاﺅس کو آگ لگائی، اس پر حملہ کیا، یہ بھی نہیں دیکھا کہ یہ قائداعظم محمد علی جناح کا گھر ہے جبکہ شہدا کی یادگاروں کو بھی مسمار کیا گیا، ملک کی سلامتی کیلئے اپنا خون بہا دیں ان سے کسی کیا دشمنی ہوگی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک دشمن قوتوں کےایجنڈےپرکاربند ہے اور خاص ایجنڈے پر چلتے ہوئے ان کی خواہش پورا کرنے کی کوشش کرتی ہے، تحریک انصاف دہشت گردوں کو پاکستان لائی اور انہیں اپنا دوست بنایا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشت گردوں کی حمایت کی۔

عطا تارڑنے کہا کہ پی ٹی آئی نے نو مئی کو جو کچھ کیا اس کے شواہد موجود ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک سےدشمنی کا ثبوت دیا۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کیخلاف احتجاج کیا، آپ جو مرضی کوشش کرلیں، پاکستان ترقی کرے گا، آپ کی پاکستان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی مذموم کوششیں ناکام ہوں گی۔

Back to top button