افغانستان  کاپاکستان میں ناظم الامور کو سفیر کا درجہ دینے کا اعلان

افغانستان نے پاکستان کے سفارتی مشن کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں اپنے سفارتی مشن کو سفیر کے درجے تک بڑھانے کا اعلان کردیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں اپنے سفارتخانے کو سفیرکی سطح پراپ گریڈکرنے کا اعلان کیا تھا، جس کا افغانستان کی عبوری حکومت نے خیرمقدم کیا ہے۔

افغان وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں افغان ناظم الامور کی حیثیت کو سفیر کا درجہ دے دیا جائے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہوگی۔

یاد رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ 19 اپریل کو ان کے کابل دورے کے بعد سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی مثبت پیشرفت جاری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مثبت تعلقات کے اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ  پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کابل میں ناظم الامور کی بجائے سفیر تعینات کیا جائے گا۔

Back to top button