کوروناکے بعد اب فلو ویکسین متعارف

امریکی ادارہ خوراک و ادویات نے بزرگ شہریوں کے لیے موڈرنا کی تیار کردہ ایک نئی طرز کی فلو ویکسین کو منظوری دے دی ہے۔
ایم فلوسیوا’ کے نام سے مارکیٹ میں آنے والی یہ ویکسین ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی پہلی ایسی فلو ویکسین ہے جسے امریکا میں باقاعدہ منظوری ملی ہے اور یہی ٹیکنالوجی کورونا وبا کے دوران بنائی گئی ویکسینز کی بنیاد بھی رہی تھی۔
میسا چوسٹس کی کیمبرج میں قائم کمپنی موڈرنا کورونا وبا کے دوران اپنی ایم آر این اے ویکسین کی بدولت عالمی شہرت حاصل کر چکی ہے۔
کمپنی گزشتہ کچھ عرصے سے اسی ٹیکنالوجی کو دیگر بیماریوں، خصوصاً موسمی فلو کے خلاف بھی استعمال کرنے کی کوششوں میں مصروف تھی۔
فلو کی روایتی ویکسینز کے برعکس ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی ویکسینز کہیں تیز رفتاری سے تیار کی جا سکتی ہیں، جس سے سائنسدانوں کو موسمی فلو کی گردش کرنے والی اقسام کے مطابق ویکسین کو بروقت ڈھالنے میں مدد ملتی ہے۔
