مالی سال 2025-26 کے ترقیاتی بجٹ کی تمام تر تفصیلات سامنے آ گئیں

حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیےقومی ترقیاتی بجٹ کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت 4223 ارب روپے سے زائد ہوگی۔

دستاویزات کے مطابق وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1000 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADPs) کے لیے 2869 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پلاننگ کمیشن کی دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال میں وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 682 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں، جبکہ ارکانِ پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 70 ارب 38 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کو 226 ارب 98 کروڑ روپے، پاور ڈویژن کو 90 ارب 22 کروڑ، اور واٹر ریسورسز ڈویژن کو 133 ارب 42 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

وفاقی بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 39 ارب 48 کروڑ روپے، جب کہ نیشنل ہیلتھ سروسز کو 14 ارب 34 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ فیڈرل ایجوکیشن و پروفیشنل ٹریننگ کو 18 ارب 58 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

ریلوے ڈویژن کو 22 ارب 41 کروڑ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو 21 ارب اور وزارت داخلہ کو 12 ارب 90 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ سپارکو کے منصوبوں کے لیے بھی 5 ارب 41 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق انضمام شدہ اضلاع کے لیے 65 ارب 44 کروڑ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 82 ارب روپے، جب کہ اسپیشل ایریاز کے لیے 253 ارب 23 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق اس بجٹ کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا، عوامی سہولیات میں بہتری لانا، اور معیشت میں استحکام پیدا کرنا ہے۔ منصوبوں کی نگرانی کے لیے بھی ایک مؤثر نظام تیار کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

Back to top button