پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااعلان

پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ڈیزل کی نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا تعین اوگرا کی جانب سےکیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کے لیے روزانہ قیمتوں کے تعین کا نیا نظام منظور کر لیا جس کے تحت اوگرا اب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا۔

پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں گزشتہ سات کاروباری دن کی اوسط عالمی قیمت کے مطابق ہوں گی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے حساب سے کیا جائے گا۔ قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی جبکہ اوگرا بغیر وزیراعظم یا حکومت کی منظوری کے قیمتوں کا اعلان کرے گا۔

اوگرا کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو گزشتہ اعلان کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی جبکہ یکم جولائی 2026 سے روزانہ پلاٹس ریفرنس قیمتیں بھی ویب سائٹ پر جاری کرے گا۔

پیٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی جبکہ پیٹرولیم لیوی کی شرح فنانس ڈویژن کی منظوری سے ہی تبدیل ہوگی۔

 

Back to top button