ایران کوبھاری قیمت چکاناپڑےگی،ٹرمپ کی تہران کونئی وارننگ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے کسی بھی امریکی فوجی کو قتل کیا تو اس کی قیمت اسے کئی گنا زیادہ چکانی پڑے گی۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ہر بار جب ایران کسی امریکی فوجی کو قتل کرے گا، ایران کو اس قتل کی قیمت کئی گنا زیادہ ادا کرنا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس حوالے سے ہدایات امریکی وزیر جنگ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین اور امریکی فوج کی تمام قیادت کو جاری کردی گئی ہیں، اور امریکی اہلکاروں پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جس پر دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پاکستان نے اس سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان قیام امن کے لیے بھرپور کردار ادا کیا، جس کے بعد ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کیے گئے، تاہم باضابطہ معاہدے سے قبل ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
پاکستان اب بھی اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہییں، تاکہ آبنائے ہرمز کھلی رہے اور دنیا کو اس تنازع کی قیمت نہ چکانی پڑے۔
