ایک نفرت ختم، دوسرا درگزر کرے

تحریر : انصار عباسی ……               بشکریہ روزنامہ جنگ

عمران خان فی الحال صرف دو کام کریں تو اُن کے اور اُنکی پارٹی کیلئے بہت کچھ بدل سکتا ہے، گزشتہ ایک ڈیڑھ سال کی سختیاں ختم ہو سکتی ہیں۔

ایک تو اُنہیں خاموشی اختیار کرنا پڑے گی یا جب بولیں تو سوچ سمجھ کر بات کریں نہ کہ غصہ میں اور نہ ہی کسی کے اشتعال دلانے یا سرگوشی پر۔ دوسرا خان کو اپنی پارٹی کے سوشل میڈیا، جسے وہ اپنا سب سے اہم ہتھیار سمجھتے ہیں، کو خطرناک پروپیگنڈا کرنے، جھوٹ بولنے، نفرت پھیلانے، الزامات لگانے سے باز رکھنا پڑے گا۔

کیا خان صاحب یہ دونوں کام کر سکتے ہیں؟مجھے اس کی کوئی زیادہ امید نہیں اور اسی وجہ سے خان صاحب اور تحریک انصاف کیلئےمشکلات کم ہوتی نہیں نظر آتیں۔

جو کچھ خان صاحب اور اُن کا سوشل میڈیا کر رہا ہے اگر یہ پالیسی جاری رہتی ہے تو سوچنے اور سمجھنے کی یہ بات ہے کہ اس کا بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کو کیا فائدہ ہو گا؟ اُن کی توپوں کا نشانہ خاص طور پر موجودہ آرمی چیف ہیں۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا خان صاحب اور پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اپنے بیانات اور پروپیگنڈا سے وہ ’’انقلاب‘‘ ملک میں لا سکتے ہیں جس کی ایک کوشش 9 مئی کو کی گئی؟اگر کوئی سوچتا ہے کہ کوئی ایسا ’’انقلاب‘‘ اب بھی ممکن ہے تو پھر یہ سوچنا چاہیے کہ ایسے انقلاب کے نتیجے میں کیا ملک افراتفری اور خانہ جنگی کی طرف جائے گا یا یہاں سیاسی استحکام آئے گا؟

بلاشبہ عمران خان آج بھی ملک کے مقبول ترین رہنما ہیں۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ عمران خان جو مرضی کہیں جو مرضی کریں، اُن کے خلاف کوئی بھی سکینڈل یا کیس سامنے آجائے اُن کے ووٹرز ،سپورٹرز پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

خان صاحب کے فالورز کی مثال ایسے اندھی تقلید کرنے والوں جیسی ہے جس کا اُنکے مخالفین اور اسٹیبلشمنٹ کے پاس کوئی توڑ نہیں۔ یہ بھی درست ہے کہ حکومت میں شامل ن لیگ، پیپلز پارٹی اور دوسری سیاسی جماعتیں تو کبھی نہیں چاہیں گی کہ تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان معاملات سلجھ جائیں کیوں کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو موجودہ حکمرانوں کے اقتدار اور اُن کی سیاست کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

عدت نکاح کیس : سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ملتوی

 

اس میں بھی کوئی دو رائے نہیں کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کا فوج اور فوج کے سربراہ کو نشانے پر رکھنا اور اُنکے خلاف زہریلا پروپیگنڈاکرنے کی وجہ سے اگر ایک طرف عمران خان اور پی ٹی آئی کی سیاست کو مشکلات کا سامنا رہے گا تو دوسری طرف فوج کے متعلق ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت میں منفی رائے کا پایا جانا نہ ادارے کیلئے اچھا ہے نہ پاکستان کیلئے۔

سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے حوالے سے آج ٹی وی چینلز پر ایک بیان چل رہا تھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ نفرت کو ختم کیا جائے اور درگزر کی پالیسی اختیار کی جائے۔ اُنہوں نے فوج یا اسٹیبلشمنٹ کا نام لیے بغیر یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کے مذاکرات اصل سٹیک ہولڈرز (یعنی فوج) کے ساتھ ہی ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر علوی نے جو بات کی کیا اُس پر عمران خان اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا عمل کرے گا؟ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہاں بہت کچھ بدل جائے گا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی سیاست اور فوج کے خلاف نفرت پیدا کرنے میں عمران خان اور تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کا بہت بڑا کردار ہے۔

اب اگر اس نفرت کو ختم کرنا ہے تواس سلسلے میں عمران خان اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو پہل کرنا پڑے گی۔

اگر وہ اپنا رویہ بدلیں اور فوج مخالف پروپیگنڈا ختم کریں، اپنے سیاسی مخالفین اور تحریک انصاف اور عمران خان کی رائے سے اختلاف کرنے والوں کے خلاف گالم گلوچ ، جھوٹے الزامات اور بہتان تراشی سے گریز کریں تو پھر نہ صرف سیاسی مخالفین کے درمیان مذاکرات کے رستے کھلیں گے بلکہ اسٹیبلشمنٹ پر اس بات کا دبائو بڑھے گا کہ وہ بھی ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے تحریک انصاف کے متعلق درگزر کی پالیسی اختیار کرے ۔

Back to top button