پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ آگے دیکھ ریلیز ہوتے ہی ہٹ

گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی آوازوں میں گایا ہوا پاکستان سپر لیگ یا پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ’آگے دیکھ’ ریلیز ہوتے ہی ہر طرف چھا گیا ہے۔ اس گانے کی تین منٹ کی ویڈیو میں گلوکاروں کو بھی پرفارمنس کرتے دکھایا گیا ہے۔
پی ایس ایل کے آفیشل ترانے کی ویڈیو میں کرکٹ سے متعلقہ دیگر روایتی گانوں کی طرح گلیوں میں کھیلتے بچوںِ کھیل کے میدانوں اور شائقین کے جوش و جذبے کو بھی دکھایا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ عاطف اسلم نے پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ گایا ہے۔ ’آگے دیکھ’ گانے کی موسیقی عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے جب کہ اس کی ہدایات ذیشان پرویز نے دی ہیں۔ عاطف۔کے ساتھ مل کر یہ ترانہ گانے والی آئمہ بیگ گزشتہ برس ریلیز ہونے والے پی ایس ایل ترانے ’گروو میرا‘ کا بھی حصہ تھیں۔
پہلے خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر اس سال بھی گزشتہ برس کی طرح نصیبو لال بھی ترانے میں واپسی کریں گی، تاہم ایسا نہیں ہو سکا۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2015 میں ہوا تھا اور اس کا پہلا گانا گلوکار علی ظفر کی آواز میں ریلیز کیا گیا تھا۔ علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل فرسٹ کا گانا ’اب کھیل کے دکھا‘ کافی سراہا گیا تھا اور اسی وجہ سے علی ظفر کی آواز میں ہی ابتدائی تین پی ایس ایل کے گانے جاری کیے گئے۔ پی ایس ایل دوئم کا گانا ’اب کھیل جمے گا‘ جنوری 2017 میں جبکہ پی ایس ایل تھری کا گانا ’دل سے جان لگا دے‘ جنوری 2018 میں ریلیز کیا گیا اور مجموعی طور پر علی ظفر کے تینوں گانوں کو پسند کیا گیا۔
کوک اسٹوڈیو میں عاطف اسلم اور مومنہ کا نیا گانا فلاپ
پی ایس ایل فور کا گانا ’کھیل دیوانوں کا‘ اداکار فواد خان اور ینگ دیسی بینڈ کی آواز میں جنوری 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا۔ پی ایس ایل فائیو کا گانا ’تیار ہیں‘ کو گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر، ذوالفقار جبار خان اور ہارون رشید کی آواز میں جنوری 2020 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
پی ایس ایل فائیو کے گانے کو بھی کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ پی ایس ایل 6 کے گانے ’گروو میرا‘ پر بھی شائقین نے شدید تنقید کی تھی۔ گزشتہ برس جہاں نصیبو لعل کے گائے ہوئے گانے ’گروو میرا’ پر تنقید کی گئی تھی، وہیں اس کی تعریفیں بھی کی گئی تھیں اور لوگوں نے مطالبہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے میں بھی نصیبو لال کو شامل کیا جائے، تاہم ایسا نہیں ہو سکا اور یہ گانا عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا جس نے مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔
