ٹی بی کو روکنے والا نیا طاقتور مرکب تیار

ٹی بی کا مرض گزرتے وقت کے ساتھ خوفناک شکل اختیار کرتا جا رہا ہے جس کے تدارت کے لیے ماہرین نے ایسا مرکب تیار کیا ہے جس کو سی ایل بی 073 کا نام دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تحت کیے گئے تحقیقات اور مطالعات کے مطابق مرکب کو کورنیل یونیورسٹی کے ماہرین نے تیار کیا ہے جس کا نام سی ایل بی 073 رکھا گیا ہے۔ یہ مرکب ٹی بی کی وجہ بننے والے ’مائیکوبیکٹیریئم ٹیوبرکلوسس‘ کو تیزی سے مفلوج کرکے اسے تباہ کر دیتا ہے۔
کورنیل یونیورسٹی میں واقع کالج آف ویٹرنری میڈیسن (سی وی ایم) کے پروفیسر ڈیوڈ رسل اور ولیم کاپلان نے یہ تحقیق کی ہے۔ توقع ہے کہ بہت جلد انسانوں پر آزمائش شروع کی جائے گی۔ ماہرین نے کئی تجربات کے بعد غور کیا ہے کہ سی ایل بی 073 بیکٹیریا کے کاربن کا راستہ روکتا ہے۔ اس طرح ٹی بی کا بیکٹیریئم مرنے لگتا ہے۔
ماہرین نے اس مرکب کو چوہوں پر بھی آزمایا ہے جس کے بعد ٹی بی کی ادویہ کی تاثیر میں اضافہ دیکھا گیا۔ ان میں این آئی ایکس ٹی بی کا مروجہ طریقہ علاج ہے جس میں تین ادویہ ملاکر دی جاتی ہیں۔ توقع ہے کہ اس سے ٹی بی کے خلاف ادویہ کی طاقت بڑھانے یا ان کی تاثیر بڑھانے میں بھی مدد مل سکے گی۔
