انورر مقصود کا ڈرامہ ’ساڑھے 14 اگست‘ اب اسلام آباد میں

پاکستان کے معروف لکھاری اور مزاح نگار انور مقصود کے تیار کردہ تھیٹر ڈرامے ’ساڑھے 14 اگست‘ کو کراچی میں کامیابی کے بعد اب اسلام آباد میں بھی پیش کردیا گیا ہے۔  یاد رہے کہ ’ساڑھے 14 اگست‘ کو کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان میں 14 اگست 2020 سے پیش کیا جا رہا تھا۔ وہاں اس سٹیج ڈرامے کے پورے 100 شوز دکھائے گئے۔ کراچی میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والے ’ساڑھے 14 اگست‘ کو اب اسلام آباد کے ’پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹ‘ میں بھی پیش کر دیا گیا، ساڑھے 14 اگست‘ کو  اسلام آباد میں 7 جنوری سے دکھانے کا آغاز ہو گیا یے اور یہ ایک ماہ یعنی 7 فروری تک دکھایا جاتا رہے گا۔

انور مقصود کے سیاسی مزاحیہ ڈرامے کو اسلام آباد میں پیش کیے جانے کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران کراچی آرٹ کونسل کے صدر سید احمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’ساڑھے 14 اگست‘ کو سندھ کے دارالحکومت میں بہت پسند کیا گیا اور تمام شوز فل ہاؤس ہوا کرتے تھے اور انہیں امید ہے کہ اسلام آباد میں بھی ایسا ہی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انور مقصود اسلام آباد میں سٹیج تھیٹر کی بحالی چاہتے ہیں، اس لیے ان کے ڈرامے کو یہاں پیش کیا جا رہا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران انور مقصود کا کہنا تھا کہ ’ساڑھے 14 اگست‘ ان کے دل کے بہت قریب ہے، کیوں کہ اس وقت ملک کے سیاسی حالات بھی ڈرامے سے ملتے جلتے ہیں۔ انہوں نے بھی امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کے لوگ بھی ڈرامے کو اتنا ہی پسند کریں گے، جتنا اسے کراچی والوں نے پسند کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ’ساڑھے 14 اگست‘ کے ہدایت کار محمود داوڑ بھی موجود تھے۔ ’ساڑھے 14 اگست‘ کی کہانی محمد علی جناح اور مہاتما گاندھی سے کیے گئے تیسرے شخص کے سوالات کے گرد گھومتی ہے۔

اس سے قبل انور مقصود نے 2011 میں ’ پونے 14 اگست’ اور پھر ’سوا 14 اگست‘ نامی تھیٹر پیش کیا گیا تھا، جس کا تیسرا اور آخری حصہ ’ساڑھے 14 اگست‘ ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اسلام آباد کے بعد ’ساڑھے 14 اگست‘ کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی پیش کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے ٹیم نے فوری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا۔

اس برس مری سانحے کے ایکشن ری پلے سے کیسے بچا جائے؟

Back to top button