شاہ رخ خان کا پشاور اور کشمیر سے کیا تعلق بنتا ہے؟

بہت کم پاکستانی جانتے ہیں کہ بالی وڈ کنگ کہلانے والے بھارتی سپر سٹار شاہ رخ خان کے والد کا تعلق پشاور اور انکی دادی کا تعلق کشمیر سے تھا، شاہ رخ 1978-79 کے دوران پشاور بھی آئے تھے، لیکن تب انہیں سپر سٹار کا درجہ حاصل نہیں ہوا تھا۔ شاہ رخ خان کی پیدائش 2 نومبر 1965 کو تاج محمد خان اور لطیف فاطمہ کے گھر ہوئی تھی لیکن ابتدائی پانچ برسوں تک ان کی نانی نے پہلے مینگلور اور پھر بینگلور میں ان کی پرورش کی۔ شاہ رخ کی والدہ کا تعلق حیدر آباد سے، والد کا پشاور اور دادی کا تعلق کشمیر سے تھا، ان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بی بی سی کو ایک انٹرویو میں پاکستان میں مقیم شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں نے بتایا تھا کہ شاہ رخ پاکستان آ کر بہت خوش تھے کیوںکہ یہ پہلا موقع تھا جب وہ اپنے والد کے خاندان سے مل رہے تھے۔
شاہ رخ خان خود بھی بی بی سی کو ایک انٹرویو میں بتا چکے ہیں کہ ان کے والد پشاور سے تھے، انکے کہنا تھا کہ میں بھی پٹھان ہوں لیکن لگتا نہیں ہوں۔ میرا قد تھوڑا کم ہے۔ یہ بات میں کوئی نیا تنازع پیدا کرنے کے لیے نہیں کر رہا، انکا کہنا تھا کہ جب پاکستانی کرکٹرز بھارت سے میچ جیتتے ہیں تو لگتا ہے کہ میرے والد کی سائڈ جیت گئی اور جب انڈیا کی جیت ہوتی ہے تو لگتا ہے کہ امی کی سائڈ جیت گئی ہے۔ شاہ رخ جب 15 برس کے تھے تو کینسر سے ان کے والد کا انتقال ہو گیا تھا۔ شاہ رخ کے والد وکیل تھے جنہوں نے جنگ آزادی میں بھی حصہ لیا تھا۔ انخے والد 14 برس کی عمر میں آزادی کی تحریک کے دوران جیل بھی گئے تھے۔ بعد میں وہ مولانا ابو الکلام آزاد کے خلاف انتخابات میں بھی کھڑے ہوئے، لیکن ہار گئے۔ انہوں نے کئی بار کاروبار کرنے کی کوشش کی، لیکن ناکام رہے۔ شاہ رخ خان کا انڈیا کے نیشنل سکول آف ڈرامہ کے ساتھ قریبی رشتہ رہا ہے۔
ان کے والد 1974 تک نیشنل سکول آف ڈرامہ میں کینٹین چلاتے تھے، ان دنوں شاہ رخ اپنے والد کے ساتھ وہاں جایا کرتے تھے۔ وہاں انہوں نے معروف بھارتی اداکاروں کو کام کرتے ہوئے دیکھا اور یوں ان کو بھی اداکاری کا شوق چرا گیا۔ وہ تھیٹر کے گرو سمجھے جانے والے ڈرامہ ٹیچر اور نیشنل سکول آف ڈرامہ کے ڈائریکٹر ابراہیم القاضی کے ساتھ کافی وقت گزارتے تھے۔ اسی دوران انہیں ’سورج کا ساتواں گھوڑا‘ جیسے کئی دلچسپ ڈرامے بھی دیکھنے کو ملے، اس طرح اداکاری کی دنیا سے ان کا لگاؤ پیدا ہوا۔
دہلی میں پلے بڑھے شاہ رخ خان سینٹ کولمبس سکول میں تعلیم حاصل کر رہے تھے، اس دوران وہ کھیل کود میں بھی خاصی دلچسپی لیتے تھے، بعد میں انھوں نے ہنس راج کالج سے اکنامکس میں بی اے کی تعلیم حاصل کی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کالج میں ماس کمیونیکیشن کی تعلیم کے لیے داخلہ لیا لیکن وہ اس کورس کو مکمل نہیں کر سکے۔ بیری جان کے ڈرامے، دل دریا اور فوجی جیسے سیریلز کے راستے شاہ رخ خان نے اداکاری کی دنیا کا رخ کیا، اس کے بعد انہوں نے انڈین فلموں کے ذریعے جو شہرت اور مقام حاصل کیا، وہ دنیا جانتی ہے، شاہ رخ خان نے غزل گلوکار پنکج اداس کے ایک کانسرٹ میں پہلی بار پیسے کمائے، اس وقت انہیں پچاس روپے ملے تھے، فوربز میگزین کے مطابق شاہ رخ خان نے 2019 میں تقریبا 124 کروڑ روپے کمائے تھے ان کا شمار بھارت کے امیر ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔
لیگی قیادت کی حمزہ کو فوری طور پر پاکستان پہنچنے کی ہدایت
