ایشیا کپ،سہ ملکی سیریز، قومی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی

قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ایشیا کپ اور سہ ملکی سیریز کے لیے دبئی پہنچ گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم بدھ کو چار مختلف گروپوں میں دبئی پہنچی تاکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد کو منظم بنایا جاسکے۔
پی سی بی نے بتایا کہ کھلاڑی 21 اگست سے 27 اگست تک دبئی میں پری سیریز ٹریننگ کیمپ میں حصہ لیں گے۔ جمعرات کو آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں پہلا ٹریننگ سیشن شیڈول ہے جبکہ اسی وینیو کو مرکزی ٹریننگ سنٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔
سہ ملکی سیریز، جس میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں، 29 اگست سے دبئی میں شروع ہوگی۔ اس کے بعد 9 ستمبر سے ایشیا کپ کا آغاز ہوگا جس کے تمام میچز بھی متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
اس بار اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان اسکواڈ میں شامل نہیں۔ کوچ مائیک ہیسن کے مطابق دونوں کھلاڑی دسمبر کے بعد سے ایکشن میں نہیں آئے جبکہ دیگر کرکٹرز بہتر فارم میں ہیں۔
یاد رہے کہ مائیک ہیسن مئی میں کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اب تک پاکستان کو تین ٹی ٹوئنٹی سیریز میں لے جاچکے ہیں۔ قومی ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر کلین سویپ کیا، بنگلہ دیش سے سیریز 2-1 سے ہاری جبکہ امریکا میں ویسٹ انڈیز کو 2-1 سے شکست دی۔
اسکواڈ کی قیادت آل راؤنڈر سلمان آغا کے سپرد کی گئی ہے جبکہ فاسٹ بولرز محمد وسیم اور سلمان مرزا ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
قومی اسکواڈ کےسکواڈ میں سلمان آغا (کپتان)، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سلمان مرزا، محمد حارث، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، حسن علی، حسین طلعت، صوفیان مقیم، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، محمد وسیم شامل ہیں۔
