ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں : پاکستان

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، تنازع کے پر امن حل کےلیے سفارت کاری کو موقع دیاجائے،چاہتےہیں کہ تنازع کا پر امن حل نکالا جائے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی صورت حال پر ہنگامی اجلاس منعقد کیاگیا۔ اجلاس میں روس، چین اور پاکستان کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی، قرارداد میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ اور عالمی قوانین کی پاسداری،شہریوں کے تحفظ اور مذاکرات سےحل پر زور دیاگیا۔

اس موقع پر پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے ارکان کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہاکہ گزشتہ اجلاس میں کونسل کے ارکان نے کشیدگی کے بڑھنے کی صورت میں خطرات سے خبردار کیاتھا،تاہم امن کی کوششوں اور سفارت کاری کو نظر انداز کیاگیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی مذمت، فوری اور غیرمشروط جنگ بندی اور ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتےہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ اجلاس میں کونسل اراکین نے کشیدگی سے آگاہ کیا تھا،پاکستان نے یواین چارٹر کےمطابق اصولی مؤقف اپنایا،تنازع کے پر امن حل کےلیے سفارت کاری کو موقع دیاجائے،چاہتےہیں کہ تنازع کا پر امن حل نکالا جائے۔

ان کاکہنا تھاکہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے،ارکان پر لازم ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کریں، کونسل کشیدگی کم کرنے کےلیے فوری اقدامات کرے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتو نوگوتریس نے کہاکہ خطے کے عوام مزید تباہی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔جنگ روک دی جائے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتو نوگوتریس نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر سنجیدہ مذاکرات کیے جائیں،اقوام متحدہ پر امن حل کےلیے کسی بھی کوشش کی حمایت کےلیے تیار ہے۔

علاوہ ازیں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی کا کہنا تھاکہ امریکا کے حملے کےبعد فردو کے مقام پر بڑے بڑے گڑھے دیکھے گئےہیں۔ایران کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے، امن کو موقع نہ دیا گیا تو مزید تباہی ہوگی۔

Back to top button