شاہد خاقان، مفتاح اسماعیل نے نئی جماعت "عوام پاکستان پارٹی” لانچ کردی

سابق وزیراعظم اور سابق رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور دیگر رہنماؤں پر مشتمل نئی سیاسی جماعت لانچ کردی گئی جس کا نام عوام پاکستان پارٹی رکھا گیا ہے۔

عوام پاکستان پارٹی کی لانچنگ کے حوالے سے اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل، سابق گورنر کے پی کے سردار مہتاب عباسی، سابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، سابق صوبائی وزیر پنجاب زعیم قادری اور دیگر سیاسی رہنما شریک تھے۔

تحریک انصاف کا اسلام آباد میں جلسہ کا این او سی منسوخ

عوام پاکستان پارٹی کا نعرہ ’’ بدلیں گے نظام ‘‘ رکھا گیا ہے، جماعت کے جھنڈے کا رنگ سبز اور نیلا رکھا گیا جس میں پارٹی کا نام سفید رنگ سے تحریر ہے۔

رکن آگنائزنگ کمیٹی فاطمہ عاطف نے بتایا کہ پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن 19 جون کو ہوئے، شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کا کنوئینر منتخب کیا گیا، مفتاح اسماعیل سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔

عوام پاکستان پارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں ایکسپورٹ گررہی ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، جو ملک دودھ پر ٹیکس لگا دے وہ کیا کر سکتا ہے، ہم تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، ملک میں مہنگائی میں اضافے سے عوام پریشان ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں حکمرانی کا شوق نہیں ، عوامی خدمت کا شوق ہے، آج تک کسی نے بھی نظام میں اصلاحات کی بات نہیں کی ، ایوان میں جو بھی قوانین لائے جاتے ہیں انہیں بغیر پڑھے منظور کر لیا جاتا ہے۔

Back to top button