آزاد کشمیر مظاہرے: وزیراعظم کا اظہارِ تشویش، شفاف تحقیقات کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانب دار اور شفاف تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مظاہرین کے ساتھ صبر و تحمل سے پیش آئیں، عوامی جذبات کا مکمل لحاظ رکھا جائے، اور بلا ضرورت سختی سے مکمل گریز کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کو تیار ہے۔ وزیراعظم نے واقعے میں متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔

صورتحال کے پُرامن اور دیرپا حل کے لیے وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ توسیعی کمیٹی میں رانا ثنا اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف اور احسن اقبال، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان، اور قمر زمان کائرہ کو شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ مذاکراتی کمیٹی فوری طور پر مظفر آباد روانہ ہو کر زمینی صورتحال کا جائزہ لے اور پائیدار حل تجویز کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے کشمیر ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے مذاکراتی عمل میں بھرپور تعاون کی اپیل بھی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ وطن واپسی کے بعد وہ خود مذاکراتی عمل کی نگرانی کریں گے، اور کمیٹی کو ہدایت دی کہ اپنی سفارشات اور مجوزہ حل جلد از جلد وزیراعظم آفس کو ارسال کرے۔

Back to top button