بھارتی جنتا پارٹی شاہ رخ خان کی شکر گزار کیوں ہے؟

بالی ووڈ کنگ خان کی نئی فلم ’’جوان‘‘ ریلیز ہونے سے جہاں ان کے فینز خوش دکھائی دیتے ہیں تو دوسری طرف بھارتی حکمران جماعت بی جے پی بھی کنگ خان سے کافی خوش ہے، بی جے پی نے ’’جوان‘‘ کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے مفلوج حکمرانی کو بے نقاب کرنے پر کنگ خان کا شکریہ ادا کیا۔بی جے پی کے ترجمان گورَو بھاٹیہ نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ’ہمیں جوان فلم کے ذریعے 2004 سے 2014 تک کانگرس کی کرپٹ اور پالیسی سے مفلوج حکمرانی کو بے نقاب کرنے پر شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کر نا چاہئے، شاہ رخ خان نے اپنی فلم کے ذریعے لوگوں کو ’المناک سیاسی ماضی‘ یاد دلایا ہے، گورو بھاٹیہ نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی ساڑھے 9 برس کے دورِ حکومت میں کوئی بھی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا اور ان کی حکومت کا ’کلین ریکارڈ‘ ہے۔بی جے پی کے ترجمان نے ’جوان‘ کا ڈائیلاگ لکھا ’ہم جوان ہیں، اپنی جان ہزار بار داؤ پر لگا سکتے ہیں صرف دیش کے لیے، تمہارے جیسے دیش بیچنے والوں کے لیے ہرگز نہیں، انہوں نے اس ڈائیلاگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ گاندھی خاندان کے لیے بالکل درست ہے۔شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ اب تک باکس آفس پر 350 کروڑ روپے کما چکی ہے، باکس آفس پر گہری نظر رکھنے والے فلم ناقد ترُن آدرش کے مطابق گذشتہ جمعے کو ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ بالی وڈ کی تاریخ میں سب سے جلدی باکس آفس پر 350 کروڑ روپے کمانے والی فلم بن گئی ہے۔
