چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹوں کی فروخت کل سے شروع ہوگی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل سے شروع ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں19 فروری سے 9مارچ تک ہوگا جبکہ بھارت کے میچز یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔گروپ میچز اور پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹوں کی فروخت منگل 28جنوری سے گلف کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے اور پاکستان کے دوپہر دو بجے شروع ہوگی۔
پاکستان کے میچز کےجنرل اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت2ہزار، وی وی آئی پی اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 20 ہزار مقررکی گئی ہے۔
پاکستان ٹیم کے علاوہ ہونےوالےمیچز کے کم سے کم ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار اور زیادہ سے زیادہ ٹکٹ کی قیمت7ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ لاہور میں ہونے والے ایک سیمی فائنل کے جنرل اسٹینڈ کی قیمت ڈھائی ہزار اور وی وی آئی پی کی قیمت 20 ہزار روپےہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلے جانےوالے میچ کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
شائقین کل پی سی بی، آئی سی سی اور نجی کوریئر کمپنی کی ویب سائٹ پر آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔