سپیکرکی دعو ت پر پی ٹی آئی کامذاکراتی اجلاس میں شرکت سےانکار

سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مذاکراتی اجلاس میں شرکت کی دعوت پر پی ٹی آئی نے صاف جواب دیدیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نےحکومت سے مذاکرات کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کمیٹی میں شامل عمر ایوب اوراسد قیصر سے رابطہ کرکے انہیں کل حکومت اپوزیشن مذاکراتی کمیٹیوں کےاجلاس میں شرکت کی دوبارہ دعوت دی۔

سردار ایاز صادق نے حکومت اورپی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28 جنوری کو دن پونے 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں طلب کررکھا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن جماعت کے رہنماؤں کو ٹیلی فون کیا اور انہیں کل حکومت سے ہونے والے مذاکراتی اجلاس میں شرکت کے لیے دوبارہ مدعو کیا۔

ایاز صادق نے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان سے گفتگو میں کہا کہ مذاکرات کی میز پر ہی معاملات حل ہوں گے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے کل ہونے والے مزاکراتی اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا، پارٹی قیادت نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کل کے اجلاس میں شرکت کی ٹھوس یقین دہانی نہیں کروائی۔اپوزیشن ممبران کل کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی نےعمران خان کےکہنے پر مذاکراتی اجلاس میں شرکت سے انکار کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنےمطالبے پر قائم ہے،جب تک جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جائے گا پی ٹی آئی مزاکرات کو آگے نہیں بڑھائے گی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے جیلوں میں بند پارٹی رہنماؤں کی رہائی اور 9 مئی 2023، 26 نومبر 2024 پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

دوسری جانب، حکومتی کمیٹی نے چوتھی بیٹھک سے ایک دن پہلے تحریک انصاف کے مطالبات پر تحریری جواب تیار کرلیا، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے واضح کردیا کہ کسی کو آواز دے کر میٹنگ کے لیے نہیں بلایا جائےگا۔

مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا کہ 7 دن سے پہلے کوئی جواب دیں گے نہ کمیشن پر اعلان کریں گے۔

Back to top button