چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی حلف برداری8جولائی کوہوگی

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نامزد ہونے والے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر 8 جولائی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقری8جولائی کو دوپہر ڈیڑھ بجے ایوان صدر میں منعقد ہوگی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری اُن سے حلف لیں گے۔
صدر مملکت نے سنیارٹی لسٹ کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج قرار دیتے ہوئے ان کی تقرری کی منظوری دی۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو پشاور ہائیکورٹ، جسٹس روزی خان کو بلوچستان ہائیکورٹ اور جسٹس محمد جنید غفار کو سندھ ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس نامزد کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق چاروں ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن نے متعلقہ عدالتوں کے تین سینئر ترین ججز کے ناموں پر غور کیا، جس میں جسٹس سرفراز ڈوگر کے حق میں 9 ارکان نے ووٹ دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے دو ارکان نے جسٹس گل حسن اورنگزیب کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جسٹس محسن اختر کی حمایت کی۔