کربلا کے بعد ایسی قربانی دنیا کے کسی بھی خطے میں نہیں ملتی،وزیردفاع

وزیردفاع خواجہ آصف کاکہناہے کہ آج یوم عاشور کو دہرایا جا رہا ہے لیکن جو قربانی فلسطینی دے رہے ہیں اسکی مثال نہیں ملتی، کربلا کے بعد ایسی قربانی دنیا کے کسی بھی خطے میں نہیں ملتی۔

سیالکوٹ میں عاشورہ کے جلوس میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہل تشیع برادری عالم اسلام میں عزت و احترام کے ساتھ کربلا کے عظیم واقعے کی یاد منا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں عائد کی گئی پابندیاں بھارتی قیادت کی اسلام دشمنی کو آشکار کرتی ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مودی کے حواری دو ماہ قبل ذلت سے دوچار ہوئے، ان کا تکبر اور سندور مٹ گیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کربلا کے میدان میں حق و باطل آمنے سامنے تھے، اور امام حسینؓ نے اسلام کی بقا کے لیے اپنے خاندان کی قربانی دی۔ آج غزہ بھی کربلا بن چکا ہے جہاں مسلمان یزیدی قوتوں کے ہاتھوں لہو میں نہائے ہوئے ہیں، لیکن عالم اسلام اب بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمران روزانہ غزہ کے مناظر دیکھتے ہیں لیکن کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاتا۔ فلسطینی عوام جس استقامت کے ساتھ قربانیاں دے رہے ہیں، وہ امام حسینؓ کی قربانی کی یاد کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریاں سمجھنی ہوں گی، لاکھوں لوگ غزہ کے ساتھ یکجہتی کے مظاہرے کر چکے ہیں، مگر افسوس کہ کسی اسلامی ملک میں یہ جذبہ منظم صورت میں نظر نہیں آیا، یہاں تک کہ پاکستان میں بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ کیا ہمارے دین کو ایک بار پھر خون کی ضرورت ہے؟ فلسطینی قربانی دے کر اس یاد کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

وزیر دفاع نے عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ اپنے ایمان، دین اور مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی بھوکے فلسطینی بچے کھانے کی قطار میں کھڑے ہیں اور ان پر گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ یوم عاشور کے جذبے کو کمزور نہ ہونے دیں۔

Back to top button