ایران سے دو تین روز میں معاہدہ ہوسکتا ہے : صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سب کچھ دینے کےلیے تیار ہے، امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا، معاہدہ آئندہ دو سے تین روز میں طے ہوسکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھاکہ ایران سے ڈیل کےلیے چند دنوں میں ایک آئیڈیا دے سکتا ہوں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران نے ایک ہفتے تک ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں نہ کرنے پر اتفاق کرلیا، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے انتہائی مثبت گفتگو ہوئی،اسرائیل پر حملہ ہوا،اس نے جواب دیا اور اب معاملہ ختم ہوگیا ہے۔
ٹرمپ نے کہاکہ معاہدہ آئندہ دو سے تین روز میں طے ہوسکتا ہے،امریکا ایران کے ساتھ ایک معاہدے کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا، معاہدے کےتحت ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز فوری طور پر کھول دی جائےگی۔
صدر ٹرمپ نے کہاکہ ایران کے ساتھ ایک مضبوط اور مؤثر معاہدہ طے پانے کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں، اگر امریکا چاہے تو ایران پر مزید بمباری کرسکتا ہے، امریکا جنگی راستے کو ترجیح نہیں دیتا،فوجی کارروائی سے بڑی تعداد میں جانیں ضائع ہوں گی۔سفارتی معاہدہ زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتا ہے،ایران کی بندرگاہوں کے خلاف امریکی ناکہ بندی نے تہران پر شدید دباؤ ڈالا ہے،ناکہ بندی بمباری سے بھی زیادہ طاقتور ہتھیار ثابت ہوئی ہے۔
امریکا ایران مذاکرات میں اپنے اہداف کے حصول کےلیے مضبوط پوزیشن میں ہے: جے ڈی وینس
امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہے، یہی دباؤ ایران کو معاہدےکی جانب لارہا ہے،جلد ایک ایسا معاہدہ سامنے آئےگا جو خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
