بٹ کوائن مائننگ،اےآئی ڈیٹاسینٹرزکیلئےبجلی مختص کرنےکافیصلہ

وفاقی حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کیلئے پہلے مرحلے میں 2 ہزار میگاواٹ بجلی مختص کرنے کا اعلان کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق حکومت نے کرپٹو کرنسی کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کے لیے مارچ میں پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد ملکی مالی نظام میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کو ضم اور منظم کرنا ہے۔

وفاقی حکومت نے معروف کاروباری شخصیت بلال بن ثاقب کو وزیر خزانہ کا مشیر اعلیٰ برائے کرپٹو کونسل مقرر کیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پُرعزم منصوبہ پی سی سی کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے، جو وزارت خزانہ کی سرپرستی میں ایک سرکاری ادارہ ہے، اس منصوبے کا مقصد اضافی بجلی کو منافع بخش بنانا، ہائی ٹیک ملازمتیں پیدا کرنا، اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا اور حکومتی آمدن میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی کی اس تزویراتی تقسیم سے پاکستان کے ڈیجیٹل انقلاب کے سفر میں ایک نیا سنگ میل قائم ہوا ہے، جس کے ذریعے اضافی توانائی کو اختراع، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی آمدن میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

Back to top button