ڈونلڈٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بننےکی خواہش ظاہرکردی

امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے مذاقاً کہا کہ اسرائیل میں میری مقبولیت 99فیصدہے،میں الیکشن لڑکراسرائیل کاوزیراعظم بن سکتا ہوں۔
ڈونلڈٹرمپ نے میڈیا بریفنگ کے دوران غیرمعمولی دعویٰ کیا کہ اسرائیل میں میری مقبولیت انتہائی زیادہ ہے، اس وقت اسرائیل میں میری مقبولیت 99 فیصد ہے، میں تو وہاں وزیرِ اعظم کے لیے بھی الیکشن لڑ سکتا ہوں۔
امریکی صدرٹرمپ نے کہا کہ شاید یہ سب کرنے کے بعد میں اسرائیل چلا جاؤں اور وہاں کا وزیرِاعظم بننے کی کوشش کروں، آج صبح میرے پاس ایک پول آیا، جس میں میری مقبولیت 99 فیصد تھی۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے درمیان ایران سے متعلق بڑھتی کشیدگی پر اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ٹرمپ نے گفتگو کے دوران نیتن یاہو کا دفاع بھی کیا اور دعویٰ کیا کہ اسرائیلی عوام اپنے وزیرِ اعظم کے ساتھ مناسب رویہ اختیار نہیں کر رہے۔
اگرچہ مختلف سرویز کے مطابق اسرائیل میں ٹرمپ کو دیگر کئی ممالک کے مقابلے میں زیادہ حمایت حاصل ہے، تاہم 99 فیصد مقبولیت کے دعوے کو مبالغہ آرائی قرار دیا جا رہا ہے، جو ٹرمپ کے اندازِ گفتگو کا حصہ سمجھی جاتی ہے۔
