ریلوے ٹریک پر دھما کا، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

مستونگ اور رحیم یار خان میں ریلوے حادثات کے دو الگ واقعات میں جعفر ایکسپریس اور عوام ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کے لیے صبح 9 بجے روانہ ہوئی تھی۔ جب ٹرین مستونگ کے علاقے سپیزنڈ کے قریب سے گزر رہی تھی تو ریلوے ٹریک پر دھماکا ہو گیا، جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سبی کے قریب بھی جعفر ایکسپریس کو اس وقت ایک حادثے سے بچایا گیا تھا جب ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا، تاہم اس وقت بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
خیبرپختونخواحکومت کاپرتگال سکینڈل کی آزادانہ تحقیقات کامطالبہ
دوسری جانب، رحیم یار خان کے علاقے خان پور سٹی پھاٹک پر عوام ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عوام ایکسپریس پشاور سے کراچی جا رہی تھی، اور حادثے کا شکار بوگیوں کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم روہڑی اور سمہ سٹہ سے امدادی ٹیمیں اور ٹرینیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔
