نئے صوبے یا نیا تنازع

تحریر: سلیم صافی
بشکریہ: روزنامہ جنگ
پنجاب آبادی کے لحاظ سے دنیا کے کئی ممالک سے بڑا ہے۔ یعنی درجنوں ممالک اس سے چھوٹے ہیں۔ اس حقیقت سے بھی آنکھیں نہیں چرائی جاسکتیں کہ وسائل کی تقسیم کے لحاظ سے شہری سندھ کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے اور جب تک پیپلز پارٹی حکمران ہے مستقبل میں بھی ہوتی رہے گی ۔ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے اتنا بڑا ہے کہ اسکے بعض علاقوں تک پہنچنے کیلئے پورے دن کی ڈرائیونگ درکار ہوتی ہے ۔ موجودہ شکل میں بلوچستان کے ہر علاقے تک وسائل کو یکساں بنیادوں پر پہنچانا ممکن نظر نہیں آتا۔خیبر پختونخوا میں ہزارہ کے عوام کی اکثریت اپنے الگ صوبے کے حق میں ہے۔ یوں چھوٹے صوبوں کا قیام وقت کا تقاضا قرار پاتا ہے۔ میں ذاتی طور پر بھی اس رائے کا حامی ہوں کہ چھوٹے انتظامی یونٹوں میں لوگوں کو بنیادی سہولیات زندگی پہنچانا آسان ہوجاتا ہے اور اگر آسانی سے بن سکیں تو چھوٹے انتظامی یونٹوں کے قیام میں کوئی قباحت نہیں ۔ لیکن فی الحال پاکستان میں چھوٹے صوبوں کا قیام اگر ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔ سب سے بڑی وجہ تو یہ ہے کہ اس مشن (چھوٹے صوبے بنانا) کی سیاسی اونرشپ نہیں اور بڑی جماعتوں میں کوئی بھی اسکی داعی نہیں ۔ اگر اٹھارویں آئینی ترمیم پاس ہوگئی تھی تو اس کی وجہ یہ تھی کہ بڑی جماعتیں بھی صوبائی خودمختاری کی داعی تھیں اور علاقائی جماعتوں کی تو سیاست صوبائی خودمختاری کے مطالبے کے گرد گھوم رہی تھی۔ جبکہ یہاں صورتحال یہ ہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) اسکی حامی نظر نہیں آتی ۔ اگرچہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کے حق میں صوبائی اسمبلی سے قرارداد پاس ہوچکی ہے لیکن اب رانا ثنا اللہ جیسے لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ قرارداد اب غیر موثر ہوچکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) میں صرف اسٹیبلشمنٹ کے قریب سمجھے جانیوالے خواجہ آصف صوبوں کے حق میں بولتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر بنتے ہیں تو کوئی حرج نہیں لیکن مسلم لیگی مختار یعنی میاں نواز شریف، مریم نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف اس حوالے سے خاموش ہیں اور اندر کی خبریں یہ بتاتی ہیں کہ وہ اس وقت اس پنڈورا باکس کو چھیڑنے کے حق میں نہیں۔ دوسری بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی تو کھل کر مخالفت میں میدان میں آگئی ہے۔ اس نے ایک بار پھر تندوتیز تقریروں کے بعد سندھ اسمبلی سے اس کی تقسیم کیخلاف قرارداد پاس کردی اور کسی قیمت پر سندھ کی تقسیم کیلئے تیار نظر نہیں آتی۔ مسئلہ یہ ہے کہ صرف پیپلز پارٹی نہیں بلکہ اندرون سندھ کی دیگر جماعتیں بھی تقسیم سندھ کی شدید مخالف ہیں۔ بلوچستان میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے تقسیم کی حمایت میں بیان ضرور دیا ہے لیکن وہاں کی قوم پرست جماعتیں بھی حق میں نہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہزارہ کے حق میں قرارداد پاس ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود وہاں پر اثرورسوخ رکھنے والی جماعتیں یعنی جے یو آئی اور اے این پی نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کررہی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی چھوٹے صوبوں کے حق میں ہے لیکن وہ اس حد تک حق میں ہے کہ کسی وقت میں عمران خان اس کے حق میں بیان دے چکے ہیں لیکن اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اس کے تعلقات جس قدر خراب ہیں، اس تناظر میں یہ ممکن نظر نہیں آتا ہے کہ وہ اس کام میں تعاون کرے۔ سردست چند شخصیات مثلاً محمد علی درانی ، میاں عامر محمود اور محسن نقوی وغیرہ نئے صوبے بنانے کے داعی ہیں اور یہ تاثر عام ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ایسا چاہتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بڑے پیمانے پر سیاسی اونرشپ کے بغیر اس قدر بڑے کام کو کرنا مشکل نظر آتا ہے۔

بظاہر تو نئے صوبوں کا قیام بہت سادہ اور سہل نظر آتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب ایک مرتبہ اس کام کا بیڑہ اٹھایا جائے گا تو پھر اس میں درجنوں مسائل سر اٹھائیں گے۔ مثلاً اس وقت بڑا مسئلہ این ایف سی میں مرکز کے حصے کی کمی کا ہے لیکن نئے صوبوں کے قیام کے بعد بھی اس کا حصہ جوں کا توں رہے گا اور اگر اسے بڑھا کر صوبوں کا حصہ کم کرنیکی کوشش کی جائے گی تو صوبوں کی طرف سے شدید مزاحمت ہوگی ۔ یوں مرکز کا مسئلہ جوں کا توں رہے گا۔ پنجاب یا کسی اور صوبے کو جب آپ تقسیم کرتے ہیں تو پھر یہ سوال سر اٹھائے گا کہ ان کے درمیان وسائل کو کس فارمولے کی بنیاد پر تقسیم کیا جائے گا ۔ آبادی ہی فارمولا رہیگا تو بلوچستان جیسے صوبوں کی محرومیاں مزید بڑھیں گی کیونکہ انہیں ملنے والی رقم زیادہ تر گورنر ہائوس، وزیر ہائوس ، اسمبلی ہال ، ہائیکورٹ کی عمارت اور اسی نوع کی دیگر چیزوں پر خرچ ہوجائے گی جبکہ چند سال تک عوام پر خرچ کرنے کیلئے بہت کم رقم بچے گی۔ بلوچستان کو اگر اس طرح تقسیم کیا جاتا ہے کہ پختون بیلٹ الگ اور بلوچ بیلٹ الگ کردی جائے تو رسائی اور زیادہ فاصلے کا مسئلہ برقرار رہے گا لیکن اگر مکران ڈویژن کو الگ، وسطی بلوچستان کو الگ اور شمالی کو الگ کے فارمولے کے تحت تقسیم کیا جاتا ہے تو ہر صوبے میں بلوچ اور پختون اکٹھے ہوں گے اور یہ تقسیم نہ بلوچ قوم پرستوں کو قابل قبول ہوگی اور نہ پختون قوم پرستوں کو۔ پنجاب میں یہ مسئلہ سر اٹھائے گا کہ بہاولپور کے لوگ اپنا الگ صوبہ چاہتے ہیں۔ انکی دلیل یہ ہے کہ بہاولپور پہلے بھی الگ ریاست تھی اور اب سابقہ ریاست کو بحال کرکے صوبہ بنانا ہوگا لیکن دوسری طرف جنوبی پنجاب کے لوگ بہاولپور کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتے ہیں۔ جنوبی پنجاب صوبے کے داعی تاج محمد لنگاہ صاحب مرحوم جتنا جنوبی پنجاب کے حامی تھے، اتنے وہ بہاولپور صوبے کے مخالف تھے۔ جب نئے صوبوں کی ہوا چلے گی تو ہمیں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کابھی ازسرنو تعین کرنا ہوگا۔ کشمیر میں اس وقت جو حالات ہیں تو وہاں پر اسی طرح کا کوئی ایڈونچر نہیں کیا جاسکتا۔ گلگت بلتستان کو اگر الگ صوبہ بنائینگے تو آزاد کشمیر کے بعض لوگ مخالفت کریں گے کیونکہ وہ گلگت بلتستان کو کشمیر کا حصہ سمجھتے ہیں۔ ان وجوہات کی بنیاد پر سردست نئے صوبوں کا اقدام مستحسن ہونے کے باوجود ممکن نظر نہیں آتا اور بہتر ہوگا کہ فی الحال جنرل مشرف کے دور کی طرز پر مضبوط بلدیاتی نظام بنا کر آئینی تحفظ دیا جائے اور صوبوں کو آئینی طور پر پابند کیا جائے کہ وہ صوبے کی سطح پر پراونشل فنانس کمیشن کے ایوارڈ کا انعقاد کرکے ہر علاقے کو وسائل میں سے اس کا حق یقینی بنائیں۔

 

Back to top button