پنجاب کے تھیٹروں کا خداحافظ

تحریر:یاسر پیر زادہ
بشکریہ: روزنامہ جنگ
آبِ گُم میں مشتاق یوسفی لکھتے ہیں:”میاں احسان الٰہی اپنے گھر میں موسیقی صرف تین صورتوں میں جائز و مباح سمجھتے تھے۔ اول، گانے والی زندہ حالت میں نہ ہو۔ مطلب یہ کہ اسکے گانے کا صرف ریکارڈ یا ٹیپ ہو۔ دوم، انکے گھر میں گانے والا بالکل تنہا گائے۔ یعنی نہ طبلے کی سنگت ہو اور نہ ان کے علاوہ کوئی اور سننے والا موجود ہو۔ نیز یہ اندیشہ نہ ہو کہ گانے کے بول سمجھ آ جائینگے۔ یعنی راگنی پکی ہو۔ سوم، گانے والے کو داد کے سوا کچھ اور نہ دینا پڑے۔ مطلب یہ کہ گانے والا فی سبیل اللہ گلو کاری کرے۔ مرزا کہتے ہیں کہ ان پاکیزہ شرائط و قیود کے ساتھ جو شے ظہور میں آئیگی وہ والد مرحوم کی وصیت تو ہو سکتی ہے، موسیقی ہرگز نہیں۔“
پنجاب میں ڈراموں اور تھیٹر پرفارمنس کو ’پاکیزہ‘ بنانےکیلئے جو قانون متعارف کروایا جا رہا ہے اُس میں کم و بیش ایسی ہی حدود و قیود ہیں جو میاں احسان الٰہی نے بیان کی تھیں۔ مقدمہ وہی پرانا ہے کہ تھیٹروں میں فحاشی بہت ہے اور کوئی شریف آدمی اپنی بہو بیٹی کیساتھ بیٹھ کر ڈرامہ نہیں دیکھ سکتا۔ اِس مقدمے میں کوئی خرابی نہیں، خرابی اس مسئلے کو درست کرنے کے طریقہ کار میں ہے۔ مجوزہ قانون کی رو سے تھیٹریکل پرفارمنس سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کی طرف سے جاری کردہ لائسنس کے بعد ہو سکے گی جسکی فیس 25ہزار روپے ہے۔ فنکاروں کی رجسٹریشن کی 10 ہزار علیحدہ فیس ہے۔ غیر رجسٹرڈ فنکار کو پرفارم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر ڈرامے کا اسکرپٹ 15 دن پہلے جمع کروانا ہوگا، پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر اُس اسکرپٹ کو منظور، مسترد یا اس میں ترامیم تجویز کرسکے گا۔ اسکرپٹ کی جانچ پڑتال کی فیس 35 ہزار روپے ہوگی۔ ڈرامے کے اسکرپٹ کی منظوری کے علاوہ اسکی مکمل ڈریس ریہرسل بھی سنسر کمیٹی کے سامنے پیش کرنا لازمی ہوگا۔ سیکرٹری اطلاعات کو تھیٹر کا لائسنس معطل یا منسوخ کرنے اور تھیٹر یا فنکار پر پابندی لگانے اور تھیٹر کو سربمہرکرنے کا اختیار ہوگا۔ دیگر جرمانے اور قید کی سزائیں اِس کے علاوہ ہیں۔
اب بندہ اِس قانون پر کیا تبصرہ کرے! جس ذی شعور نے اِس قانون کا مسودہ بنایا ہے اُسکی عظمت کوسلام پیش کرنے کو جی چاہتا ہے۔ اوّل تو فحاشی کے جس مرض کا یہ علاج کیا جا رہا ہے اُس علاج کے بعد مرض تو کیا مریض کی ہی وفات ہو جائیگی۔ آرٹ کیا ہے، کلچر کسے کہتے ہیں، رقص کیسے کرتے ہیں، موسیقی کس چڑیا کا نام ہے…اِن مسائل کو اب متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر، گریڈ بیس کا سیکریٹری اطلاعات و ثقافت (جو اِس سے پہلے سیکریٹری لائیواسٹاک اور ڈیری رہ چکا ہوگا) اور اُن سب کا مائی باپ چیف سیکریٹری نمٹائے گا۔ جس سوال کے جواب میں لیو ٹالسٹائی کو What is Art? نامی پوری کتاب لکھنی پڑی اور جواب پھر بھی نہ بن پڑا اُس سوال کا جواب اب ہم بتائیں گے۔ یقیناً آپ سوچ رہے ہونگے کہ میں بات کو کہاں سے کہاں لے گیا ہوں، یہ کوئی ادبی یا ثقافتی مسئلہ نہیں، سیدھا سادہ ذومعنی مکالموں، فحش جملے بازی اور تقریباً نیم برہنہ ناچ گانے کا ہے۔ اور آپ یہ بھی سوال کرینگے کہ جناب جو اِس قدر علمیت بگھار رہے ہیں خود آخری مرتبہ فیملی کے ساتھ تھیٹر دیکھنے کب گئے تھے۔ تو گزارش ہے کہ مجھے تو مدت ہوئی یہ بیہودہ تھیٹر دیکھے ہوئے۔ جی ہاں، یہ بیہودہ ہی ہے، مگر جس طرح سے اِس بیہودگی کا ’سدباب‘ کیا جا رہا ہے اسے نرم سے نرم الفاظ میں احمقانہ ہی کہا جائیگا۔ ہمارے تھیٹر کی دنیا میں ایسی مخولیہ اصلاحات کوئی نئی بات نہیں۔ چار دہائیاں قبل، جب لاہور کے مزاحیہ اداکاروں نے ایک عارضی اور سادہ سے اسٹیج سے نکل کر ایک نئے تعمیر شدہ جدید تھیٹر ہال کا رخ کیا تو نئے قواعد و ضوابط کے نفاذ کیلئے ایک سرکاری حکم نامہ جاری کیا گیا جسکی پہلی ہدایت یہ تھی کہ اداکار اسٹیج پر پنجابی کا کوئی لفظ نہیں بولیں گے۔ یوں عملاً تمام پنجابی ڈراموں پر پابندی عائد کر دی گئی اور صرف اردو ڈراموں کی اجازت دی گئی۔ ذرا تصور کریں کہ امان اللہ اور البیلا آپس میں اردو زبان میں ’جگتیں‘ کر رہے ہیں! یہ بذاتِ خود مزاح کی ایک بالکل نئی قسم تھی۔ ظاہر ہے کہ لاہور کا اسٹیج اس بے معنی صورتحال کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کر سکتا تھا اور بالآخر حکام کو اِن مضحکہ خیز پابندیوں کو واپس لینا پڑا۔
دنیا بھر میں ہر قسم کے تھیٹر اور پرفارمنس ہوتی ہیں، اور لوگ اپنے اپنے ذوق کے لحاظ سے وہاں جاتے ہیں، کوئی برنارڈ شا کا ڈرامہ دیکھتا ہے، کوئی اوپرا اور کوئی عریاں رقص۔ صرف دو باتوں کو قانون کے دائرے میں لایا جاتا ہے۔ ایک، کسی بھی وجہ سے بچوں کو کوئی گزند نہ پہنچے اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، دوم، ڈرامے یا پرفارمنس کے مواد کے لحاظ سے اُسکی درجہ بندی کر دی جائے کہ کون سا مواد کس عمر کے فرد کیلئے موزوں ہے اور اُس میں زبان کا استعمال کیسا ہے، سیکس سین کس نوعیت کے ہیں یا خود کو نقصان پہنچانے یا منشیات کے استعمال کے مناظر کتنے ہیں تاکہ دیکھنے والے خود فیصلہ کر سکیں کہ انہیں کیا دیکھنا ہے اور کیا نہیں۔ اگر مجھے علم ہو کہ الفلاح تھیٹر میں جو پرفارمنس ہے وہ بچوں کیلئے نہیں یا اُس میں ایسے مکالمے ہیں جو اپنے گھر والوں کیساتھ بیٹھ کر سننا مناسب نہیں اور اُس تھیٹر کے باہر یہ انتباہ بھی لکھا ہو، بالکل ویسے جیسے نیٹ فلکس کی فلموں پر لکھا ہوتا ہے، تو میں خود فیصلہ کر لوں گا کہ میں نے وہاں جانا ہے یا نہیں۔ دیکھا جائے تو ایک لحاظ سے عوام کی بڑی تعداد نے یہ فیصلہ کرلیا ہوا ہے۔ مہذب دنیا میں کہیں بھی اسکرپٹ کو سرکاری افسر کے سامنے پیش کرکے منظور نہیں کروایا جاتا اور نہ ہی متعلقہ افسر کے سامنے پیش ہو کر فنکار ڈریس ریہرسل کرکے دکھاتے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو پھر اسی ڈریس ریہرسل میں صاحب بہادروں کے سامنے درخواستیں یوں منظور کروائی جائینگی کہ ”بعد از آداب و تسلیمات، یہ کنیزِ کم مایہ نہایت عجز و نیاز سے عرض پرداز ہے کہ اگر ڈرامے کا مسودہ اور پلاٹ حضور کی نظرمیں جچ گیا ہو اور جبینِ مبارک پر تبسم کا گزر ہوا ہو تو بندی کو اجازت نامہ مرحمت فرمایا جاوے کہ چوا سیدن شاہ جا کر یہ تماشا اہلِ ذوق کے روبرو پیش کرے۔ حضور کا قلمِ فیض رقم دستخط میں تاخیر نہ فرمائے کہ دیر ہوئی تو اندیشہ ہے ہمارا ہیرو ریہرسل چھوڑ کر پھر سے کھیتوں کی راہ لے گا۔ زیادہ حدِ ادب۔ عرض گزار کنیز، نرگس۔“
یہ قانون اگر اپنی موجودہ شکل میں نافذ ہو گیا تو اُس کے بعد بارہ کروڑ کے اِس صوبے میں میلوں، ٹھیلوں اور ثقافتی تہوار منانے کی سینکڑوں سال پرانی روایت ختم ہو جائیگی۔ اِس قانون کے تحت اگر کسی نے میانوالی میں بندر کا تماشا کروانا ہو، راجن پور میں سرکس کروانا ہو یا بھاٹی گیٹ کے باہر مجمع لگانا ہو تو بھی اسے متعلقہ سیکریڑی سے نہ صرف اجازت لینی ہوگی بلکہ اپنے فنکاروں کی رجسٹریشن بھی کروانی ہوگی۔ سوال یہ ہے کہ کیا مجمع باز کی ڈگڈگی پر ناچنے والا بندر بھی اُن فنکاروں کی ذیل میں آتا ہے یا نہیں۔ اگر وہ بھی فنکار ہے تو کیا سیکریڑی صاحب بالمشافہ اُس سے ملاقات کرکے رجسٹر کریں گے یا آن لائن ہی اُسکی تصدیق کا کوئی نظام وضع کرینگے۔ ہماری بیوروکریسی ’آؤٹ آف باکس‘ سوچتی ہے یقیناً کوئی بزرجمہر اِسکا بھی حل نکال لے گا۔
