کراچی آرٹس کونسل ایک ’روشن مثال‘

تحریر: مظہر عباس
بشکریہ: روزنامہ جنگ
آج سے چند سال پہلے تک پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی غیر ملکی شہریوں کیلئے ’نوگو ایریا‘ تھا ا ور اُنکی اپنی حکومتوں نے پاکستان سفر کے دوران جن علاقوں میں جانے پر پابندی عائد کی ہوئی تھی ان میں یہ پورٹ سٹی بھی شامل تھا۔ جسکی بڑی وجہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات تھےجن میں ’خود کش حملے‘ اور ٹارکٹ کلنگ شامل تھی جسکا شکار ایک امریکی صحافی سمیت، فرانسیسی انجینئرز اور امریکی سفارتکار بھی ہوئے یہاں تک کے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو ایک 5اسٹار ہوٹل پر حملےکے بعد ٹیسٹ سیریز چھوڑ کے جانا پڑا۔ القاعدہ اورطالبان کے کئی سرکردہ مبینہ دہشت گرد اسی شہر سے پکڑے گئے۔ لسانی اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کے واقعات اسکےعلاوہ تھے۔ کراچی میں ہی تین بڑے ’فوجی اور سول‘ آپریشن سیاست کی نذر ہوگئے تاہم 2013 ءکا آپریشن بہت حد تک کامیاب رہا جس کا بڑا کریڈیٹ سپریم کورٹ کے 2011ءکے از خود نوٹس کو جاتا ہے جس کا 150 ۔ صفحات پر مشتمل فیصلہ ایک منفرد فیصلہ ہے جس پر عمل درآمد کا طریقہ کار بھی دیا ہوا تھا گو کہ چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بعد اس پر اس طرح عمل نہیںکیاگیا جس طرح ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم اس وقت کی وفاقی اور صوبائی حکومت نے بھی اپیکس کمیٹی کے تحت مشترکہ کاوشیں کیں۔
اس تاریخی فیصلےمیں کراچی میں 1958ءسے آج تک اُن وجوہات کا بھی جائزہ لیا گیا جو امن و امان اور دہشت گردی کی طرف اس روشن خیال شہر کو لےگئیں اس میں اسلحہ کی فراوانی، منشیات کے کاروبارمیں حیران کُن اضافہ وغیرہ شامل ہیں۔ آہستہ آہستہ کراچی کی ’کلچر لائف‘ کو ختم کردیا گیا، لوگوں میں عدم تحفظ، اس حد تک بڑھا کہ علاقے تقسیم ہوگئے،شہریوں نےخود ہی سیکورٹی گیٹ بنالیے ۔ ایک وقت ایسا بھی آیا کہ قانون نافذ کرنے والوں کیلئےبھی بعض علاقوں میں ’وردی ‘پہن کر جانا ممنوع قرار دے دیا گیا۔ 1995ء میں ایک پالیسی کے تحت ’ماورائے عدالت قتل‘ کی اجازت دے دی گئی جسکو اُس وقت کے IGپولیس جناب افضل شگری نے خطرناک فیصلہ قرار دیتے ہوئے اپنا ٹرانسفر کراچی سےکہیںاور کروالیا۔ اِس آپریشن میں کہتے ہیںکئی سو لوگ مارے گئے بہت سے دانشوروں اور صحافیوں نے اسکے حق میں لکھامگر انسانی حقوق کمیشن نے اسے خطرناک قرار دیا، اعلیٰ عدلیہ پر بھی سوالیہ نشان اُٹھ گئے۔
کم وبیش ایسی ہی صورتحال پاکستان کے کئی شہروں کی تھی خاص طور پر کے پی اور سابقہ فاٹا کے علاقے تو مکمل طور پر دہشت گردوں کے کنٹرول میں تھے ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ کراچی میں دہشت گردی کر کے دہشت گرد شمالی ، جنوبی وزیرستان یہاں تک کےافغانستان چلے جاتےجس کےبعد اُن علاقوں میں بھی 2010ءکے بعد اور خاص طور پر 2014ءمیں آرمی پبلک اسکول میں 150بچوں اور ٹیچرز کے بہیمانہ قتل عام کے بعد دہشت گردی پر ایک متفقہ موقف سامنے آیا۔ جس میں پہلی بار مذہبی جماعتیں اور بانی تحریک انصاف عمران خان بھی شامل تھے اور یوں پہلی بار ایک ملک گیر’نیشنل ایکشن پلان‘ تیار ہوا۔ تاہم پچھلے 11 سال میں جو ریفامز کرنی تھیں وہ نہیں کی گئیں،سیاسی اتفاق رائے بھی سیاست کی نذر ہوگیا اور یوں دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کو دوبارہ منظم ہونےکا موقع ملا ۔ تاہم اس کے باوجود چند ایک واقعات کے سوا پاکستان کا سب سے بڑا شہر پھر نوگوایریا نہیں بنا۔ شاید اگر شہر کے سوک مسائل جن میں سڑکیں ، پبلک ٹرانسپورٹ ، پانی ، سیوریج جیسے مسائل حل کردیئے جاتے تو شہردنیا میںرہنے کیلئے بدترین شہروںکی فہرست میں شامل نہ ہوتا۔
بدقسمتی سے اس نیشنل ایکشن پلان میں دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے عوام میں دہشت پھیلانے کے علاوہ ’ذہن سازیِ کے بیانیہ‘ کا توڑ نہیں نکالا گیا کیونکہ دہشت گرد فنکاروں ، کھلاڑیوں ور کلچر کو بھی ٹارگٹ کررہے تھے۔ لاہور میں سر ی لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد کرکٹ کے میدان ویران ہوگئے تھے۔ کراچی میں تو لینڈ مافیانے سیاسی مافیا کے ساتھ مل کر رئیل اسٹیٹ کا کاروبار شروع کردیا۔ میں آج بھی حیران ہوں کہ لیاری میں جہاں کھیلوں کو فروغ دینا چاہئے تھا اُس کے فٹبال گراؤنڈ کو قانون نافذ کرنیوالوں کے حوالے کردیا گیا جو آج تک وہاں موجود ہیں۔
دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کا ایک توڑ ملک میںکھیلوں کے فروغ اور کلچر کی سرگرمیاں بحال کرنا ہے۔ ڈراموں اور اسکرپٹ پر سنسر شپ لگاکر یہ کام نہیں ہوسکتا ۔ سینماؤں اور فلموں کے کلچر کے خاتمے سے معاشرے میں منفی رجحانات نے فروغ پایا۔ ایک وقت تھا جب کراچی کے بازار غیر ملکی سیاحوں سے بھر ے ہوتے تھے کھیلوں کے میدان آباد تھے۔ تھیٹر بہت محدود تھا۔ آرٹس کونسل تھی مگر سال میں چند ایک محفلوں کے سوال کچھ نہیں۔ کراچی پریس کلب البتہ مفاہمت کے علاوہ ثقافت کے فروغ کیلئے اپنا محدود حصہ ڈال رہا تھا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر فیض احمد فیض ، شاعر انقلاب جوش ملیح آبادی،حبیب جالب، احمد فراز پر سرکاری طور پر پابندی تھی۔ کھیلوں کے میدان جہاں کبھی ناظم آباد سُپر کپ ہوا کرتا تھا ابھی تک مکمل طور پر بحال نہیں ہوئے ایسے میں پچھلے 20سال میں جو’خاموش تبدیلی‘ آرٹس کونسل کراچی میں آئی وہ کسی بھی طرح ایک ’خاموش انقلاب‘ سے کم نہیں، شاید وہ ملک میں واحد ادارہ ہے جو ان برسوں میں حقیقت میں ’منی پاکستان‘ کا تصور پیش کرتا ہے، جہاں پچھلے تیس سال سے بین الاقوامی کلچر فیسٹیول ، عالمی اردوکانفرنس کےعلاوہ 365دن ایک ایسا ماحول دیکھنےکو ملتا ہےجسکی نہ صرف ضرورت اس شہر کو ہے بلکہ اس ملک کو بھی ہے۔ سب سے اہم بات ہےکہ یہاں جو لڑکے اور لڑکیاں کام کررہے ہیں آرٹ اور کلچر کی کلاسیں بھی ہوتی ہیں اُن میں 70 فیصد کا تعلق شہر کے اُن علاقوں سے ہے جہاں نہ تعلیم کے نہ کھیل وثقافت کے مواقع ہیں۔
اس آرٹس کونسل کی ایک خوبصورتی یہ ہے کہ اس کی گورننگ باڈی میں ملک کے نامور ادیب ، شاعر ، فنکار اور صحافی شامل ہیں۔ آپ بھی سوچ رہے ہونگے کہ اب تک میں نے اس شخص کا نام نہیں بتایا جس نے یہ انقلاب برپا کیا۔ اُس نے اپنےاوپر ہونے والی ہر تنقید کا جواب زیادہ بہتر کام کرکے دیا۔کئی بار اُس نے مجھ سے درخواست کی کہ میں باڈی کا حصہ بنوں مگر میں نے بوجوہ معذرت کرلی کہ 45سال کی دوستی درمیان میں تھی۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ ہزاروں ، لاکھوں نوجوان جن کو جین زی بھی کہا جاتا ہے،کو ایک ایسا پلیٹ فارم مل گیا ہے جہاں سے وہ ایک ’روشن خیال‘معاشرےکا تصور کرسکتے ہیں۔ یقین نہ آئے تو آئیں اور آرٹس کونسل کراچی کو دیکھیں۔ احمد شاہ ، صدر آرٹس کونسل نے ان برسوں میں وہ کردکھایا جو بیانیہ اگر پورے ملک کا بنتا تو ہم کب کے اس دہشت گردی کی دلدل سے باہر آجاتے۔ فیض صاحب نے کہا تھا’’جو کام پریس کا تھاوہ کراچی پریس کلب نے کردکھایا۔‘‘ اور سچ جانیں’جو کام ریاست کا تھا وہ آرٹس کونسل کراچی نے کردکھایا‘۔ یہ روشن پاکستان کی ایک ہلکی سی کرن ہے۔کاش ریاست انتہا پسندسوچ اور بعض گروپس کی مبینہ پشت پناہی کے بجائے ملک میں آرٹ، کھیل اور سیاسی استحکام لاتی تو ایک روشن خیال پاکستان سامنے آتا۔ جمہوریت بہترین انتظام بھی ہے اور انتقام بھی۔ امریکہ اور اسرائیل کے الیکشن اسکا ثبوت ہیں، روشن خیال ووٹ نےجمہوریت کو عزت دی۔
