گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اپنے گھر میاں چنوں پہنچ گئے

فخرپاکستان ارشد ندیم کی میاں چنوں اپنے گھر آمد پر پورے گاؤں میں جشن ،شاندار استقبال کیاگیا۔

قومی ہیرو کے استقبال کیلئے پورا گاؤں امڈ آیا، پھولوں کی پتیاں اور نوٹ نچھاور کئے گئے، ارشد ندیم کے گاؤں میں جشن کا سماں بندھ گیا، شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا۔

ارشد ندیم کے گھر پہنچنے پر جذبانی مناظر دیکھنے میں آئے، ماں نے عظیم سپوت کو گلے لگا کر استقبال کیا، ارشد ندیم والدہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئے، دیکھنے والوں کی آنکھوں سے بھی آنسو چھلک پڑے۔

قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ عزت اور پیار ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کا مشکور ہوں، جیسے مجھے سب عزت دے رہے ہیں بہت خوشی ہو رہی ہے، 2028 اولمپکس کی بھرپور تیاری کروں گا، مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔

ارشد ندیم نے مزید کہا کہ نیرج چوپڑا بھی بھائیوں کی طرح اور دوست ہے، جس ایتھلیٹ نے جتنی محنت کی اللہ نے اس کا پھل دیا۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی والدہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بہت شکر گزار ہوں، ملک اور پاکستانی عوام کی بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے بیٹے کیلئے دعائیں کیں، استقبال کیلئے اپنے بیٹے کا گھر پر انتظار کر رہی ہوں، بیٹا گھر پہنچے گا تو ہم مل کر خوشیاں منائیں گے۔

Back to top button