حکومت نے آئی سی سی کی آمدن پرٹیکس چھوٹ کی منظوری دیدی

حکومت نے چیمپئنزٹرافی کےسلسلےمیں آئی سی سی کوآمدنی پرٹیکس کی چھوٹ دینے کی منظوری دیدی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ٹیکس میں چھوٹ سمیت اہم معاشی فیصلوں کی منظوری دے دی۔
ای سی سی کے اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آمدنی پر ٹیکس کی چھوٹ کی منظوری دے دی ہے جو عالمی سطح پر کھیلوں کےایونٹس کی میزبانی کیلئےبین الاقوامی طریقہ کار کے مطابق ہے۔
آئی سی سی اور پاکستان کےدرمیان معاہدے کے تحت آئی سی سی کی آمدنی، ذیلی کمپنیوں، وابستہ اداروں پر کوئی ٹیکس یا کٹوتی کی شرط نہیں لگائی جائے گی۔
اعلامیے کےمطابق ای سی سی اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی، جس میں وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اوردیگرسینئر افسران نے شرکت کی۔
پاکستانی شہریوں بشمول پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹورنامنٹ سے آمدنی پر ٹیکس ادا کرنا ہوگا، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔
کمیٹی نے اجلاس میں کویت کو بھیڑ اوربکریوں کی تجارتی برآمد پر پابندی ہٹانے کا معاملہ مؤخر کر دیا۔وزارت توانائی کو ترقیاتی اخراجات کیلئے6.859 ارب روپے کی اضافی تکنیکی گرانٹ دینےکی منظور ی بھی دی گئی۔ای سی سی نے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ اورسوکار ٹریڈنگ کےدرمیان ایل این جی فریم ورک معاہدے کو تین سال کیلئےتوسیع دینے کی منظوری دےدی ہے۔