تربوز کا شربت سردرد سمیت مختلف بیماریوں سے بچائو میں مددگار

طبی ماہرین نے موسم گرما کے دوران ڈی ہائیڈریشن اور سردرد کے لیے تربوز کے شربت کو موزوں ترین قرار دے دیا۔
غذائی ماہرین کے مطابق تربوز موسمِ گرما کا واحد پھل ہے جس میں 92فیصد تک پانی پایا جاتا ہے اور پانی انسانی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق گرمیوں میں زیادہ پسینہ آنے، پانی کی کمی کے سبب لو لگنے اور سر درد میں اضافے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جس سے بچاؤ کے لیے تربوز کے پھل کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق تربوز میں وٹامن بی پایا جاتا ہے جو جسم میں تھکاوٹ کا احساس کم کرتا ہے اور انسان کو تروتازہ اور خوشگوار محسوس کرواتا ہے۔
غذائیت سے بھرپور پھل تربوز کے 100 گرام میں 30 کیلوریز، صفر فیصد فیٹ، 112 ملی گرام پوٹاشیم ، 8 گرام کاربوہائیڈریٹس، 6 گرام شوگر، 11 فیصد وٹامن اے، 13 فیصد وٹامن سی پایا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے لازمی جز ہے۔
تربوز کا استعمال جہاں صحت پر بے حد مفید ثابت ہوتا ہے وہیں بچوں اور بڑوں کا یکساں پسندیدہ پھل تربوز کے جوس کے بھی صحت پر متعدد فوائد مرتب ہوتے ہیں، تربوز کا جوس دن کے اوقات اور ورزش کے فوراً بعد توانائی بحال کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
تربوز کے جوس کے استعمال سے شدید گرمی کے سبب ہونے والے سر درد میں فوری آرام اور جسم کو راحت ملتی ہے۔
