ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی متاثر کر دیا۔ سب سے زیادہ بارش سید پور ویلج میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 131 ملی میٹر بارش ہوئی۔
واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، کٹاریاں کے مقام پر سطح 15 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 10 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
کہوٹہ میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔ ایک افسوسناک واقعے میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ڈھائی سالہ بچی جاں بحق جبکہ 3 خواتین زخمی ہو گئیں۔
ادھر لاہور، گجرات اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا مگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔
یوم عاشور: ملک بھر میں جلوسوں کا انعقاد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، مری، گلیات، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں آج اور کل موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اور ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں طوفانی بارش کے نتیجے میں درجنوں مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ 100 سے زائد بجلی کے ٹاور گر گئے۔ مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا، اور واپڈا کالونی، گرڈ اسٹیشن کالونی اور کیسکو کے دفاتر کو بھی نقصان پہنچا۔