پاک بھارت کشیدگی کے مابین جنگ سے پہلے جنگ کیسےچھڑ گئی؟

مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہوئے حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ جہاں ایک طرف دونوں ممالک کی جانب سے تابڑ توڑ حملے اور بیان بازی جاری ہے وہیں دوسری جانب پاکستانی اور بھارتی عوام بھی سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکے ہیں سوشل میڈیا پر ایسے لگتا ہے جیسے پاکستان اور بھارت میں جنگ چھڑ چکی ہے۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی، اٹاری بارڈر کی بندش اور دیگر اقدامات کے جواب میں پاکستان نے انڈین پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود اور سرحد بند کرنے کے علاوہ تجارت کا عمل معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر جنگ کا سا ماحول بنا ہوا ہے۔جہاں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین پاکستان کے بھارت مخالف اقدامات کو سراہتے دکھائی دے رہے ہیں وہیں انڈیا کے خلاف مختلف میمز بناتے بھی نظر آ رہے ہیں۔ کئی بھارتی صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت شدید ٹینشن کا ماحول ہے لیکن پاکستانیوں نے اس کو بھی مذاق میں اڑا دیا اور اس پر دلچسپ ردعمل دیتے نظر آئے۔
احسان گل لکھتے ہیں کہ ایک طرف انڈیا جنگ کی تیاری کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان میمز بنانے میں مصروف ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ہم تاج محل میں اقراء یونیورسٹی بنائیں گے اور ساتھ ہی کباب جیز کی برانچ بھی ہوگی۔
ایان خان نامی صارف نے ایک تصویر پوسٹ کی جس پر لکھا کہ انڈیا پانی دو آنکھ میں صابن چلا گیا ہے۔
ایک ایکس صارف نے لکھا ’انڈیا والو ہن لاڈ شاڈ ختم‘۔
وجے پٹیل نامی انڈین صارف نے جنگ کی دھمکی دہتے ہوئے پاکستانیوں کو کہا کہ آج رات مت سونا جس پر ایک صارف نے جواب دیا کہ ’کل ورکنگ ڈے ہے ہفتے کا دن رکھ لو‘۔
عبد اللہ نامی صارف نے انڈیا کو کہا کہ 4 بج گئے ہیں لیکن ابھی تک انڈیا کی جانب سے کوئی جہاز نہیں آیا۔
ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ ’دکھ اس بات کا ہے زندگی کو جندگی بولنا پڑے گا‘۔
شمس خٹک نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جس میں انڈین نیوز اینکر کہتا دکھائی دیتا ہے کہ پاکستان نے انڈیا کو نیوکلیئر وارننگ دی ہے۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ انڈین میڈیا ہمیں ڈراتے ڈراتے خود ہی ہم سے ڈرنے لگ گیا۔
میاں عامر نے لکھا کہ بھارتی آرمی چیف نے پاکستان جانے سے انکار کر دیا کہ وہاں سیکیورٹی خدشات ہیں۔
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ بھارت نے پاکستان فوجیں بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاک بھارت جنگ دُبئی میں کرانے کا فیصلہ۔
ایک صارف نے لکھا کہ امریکا نے انڈیا کو دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان کو کچھ ہوا تو قرضہ آپ دیں گے۔
سہیل قریشی لکھتے ہیں کہ ’جنگ ہو نہ ہو فلموں کے آئیڈیاز تو ملے‘، جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ اس بار ابھینندن بھی واپس نہیں دیں گے اور چائے کی جگہ گڑ والا شربت پلائیں گے۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی سے بھارتی فضائیہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے اور بھارت کے لڑاکا طیارے نے اپنی ہی آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر بمباری شروع کر دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ساوتھ ایشیا انڈیکس نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ نے ’غلطی سے‘ مدھیہ پردیش کے شیو پوری ضلع میں ایک شہری علاقے پر بم گرادیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے ساتھکشیدگی کے بعد بھارتی فضائیہ ہائی الرٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے شیوپوری میں پیش آیا، بم گرنے سے آبادی اور املاک کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ متعدد مکانات تباہ اور ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔