آئن مورگن انگلینڈ ٹیم کی بائیڈنگ فورس کیوں کہلاتے تھے؟

ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان سے شکست کھانے کے 27 سال بعد 14 جولائی 2019ء کی شام انگلینڈ کو ورلڈ کپ جتوانے والے عظیم کپتان آئن مورگن نے ہالینڈ کیخلاف حالیہ سیریز میں مسلسل دو ون ڈے میچوں میں صفر پر آئوٹ ہونے کے بعد باعزت طریقے سے دنیائے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا، یوں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی اصل ‘بائنڈنگ فورس’ کہلانے والے مورگن کا بطور کرکٹر سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں 3 دہشتگرد ہلاک

اس موقع پر مورگن کا کہنا تھا کہ انتہائی غور و فکر کے بعد میں نے فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ آسان فیصلہ نہیں تھا کیونکہ یہ میرے کیریئر کا سب سے اہم مرحلہ ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہی ریٹائرمنٹ کا بہتر وقت ہے، میرے لیے بھی اور انگلینڈ کے لیے بھی۔ انگلینڈ کے لیے اپنے 12 سالہ کیریئر میں مورگن نے بہت کچھ حاصل کیا، انفرادی سطح پر ون ڈے اور ٹی20 بین الاقوامی مقابلوں میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ میچ کھیلے اور دونوں ہی فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بھی بنائے، مورگن کو 2015ء میں تب انگلینڈ کا کپتان بنایا گیا تھا جب ٹیم ورلڈ کپ کے لیے تیار ہو رہی تھی پھر بدترین شکست کے ساتھ ٹیم پہلے ہی مرحلے میں باہر ہوگئی، اس کے بعد 7 سال میں مورگن نے ون ڈے اور ٹی 20 میں انگلینڈ کو ایک عظیم طاقت بنایا اور ورلڈ کپ 2015ء کی کارکردگی کی تلافی کردی، آج انگلینڈ ون ڈے اور ٹی20 دونوں کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہے۔
آئن مورگن 10 ستمبر 1986ء کو آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں پیدا ہوئے تھے، ان کے والد آئرش تھے جبکہ والدہ انگریز تھیں، جن کی وجہ سے وہ دہری شہریت کے حامل تھے، لیکن اپنی کرکٹ کا آغاز آئرلینڈ ہی سے کیا، وہ انڈر 19 کرکٹ سے سامنے آئے اور ایک نہیں بلکہ 2 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کی نمائندگی کی۔2006ء کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں تو وہ آئرلینڈ کے کپتان تھے، اسی سال اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کا بھی آغاز کیا، جی ہاں! آئرلینڈ ہی کی جانب سے، جس کی طرف سے مجموعی طور پر 23 ون ڈے میچ کھیلے یعنی مورگن کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہیں 2 ملکوں کی نمائندگی کا اعزاز ملا۔
مورگن نے پہلا قدم تب اٹھایا اور آج وہ انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ 225 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں، 7701 رنز بنائے، یہ بھی ایک قومی ریکارڈ ہے بلکہ ذرا ٹھیریے، ان میں سے 744 رنز تو مورگن نے آئرلینڈ کے لیے بنائے تھے یعنی انگلینڈ کے لیے ان کے رنز کی تعداد 6957 ہے، اپنی 14 ون ڈے سنچریوں میں سے ایک سنچری بھی آئرلینڈ کے لیے بنائی تھی البتہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ان کے تمام 102 میچ انگلینڈ کے لیے ہی ہیں، جن میں سب سے زیادہ 2311 رنز بنائے۔ 2012ء کے آخری ایّام تھے، بھارت ٹی20 میں نمبر وَن بننے کے قریب تھا، صرف ایک کامیابی درکار تھی، ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی20 جاری تھا، بھارت نے انگلینڈ کو 178 رنز کا ہدف دیا تھا، مورگن کی قائدانہ اننگ کی بدولت انگلینڈ فتح کے قریب تو پہنچا لیکن معاملہ آخری گیند تک چلا گیا، جہاں جیت کیلئے 3 رنز درکار تھے۔
سٹیڈیم میں کان پڑی آواز نہ سنائی دیتی تھی، جب اشوک ڈِنڈا آخری گیند پھینکنے کے لیے آئے اور مورگن نے ایک شاندار چھکے کے ذریعے میچ کا خاتمہ کر دیا، ان کی 26 گیندوں پر 49 رنز کی اننگ نے سیریز بھی برابر کر دی، اور ساتھ ہی بھارت کا نمبر وَن بننے کا خواب بھی چکنا چور کر دیا۔ مورگن نے 2017 میں چیمپئنز ٹرافی کے دوران جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 93 گیندوں پر 107 رنز بنا کر انگلینڈ کو فتح دلوائی، ورلڈ کپ 2019ء میں جہاں انگلینڈ غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپئن بنا، وہیں مورگن بھی قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے نمایاں نظر آئے۔ خاص طور پر افغانستان کے خلاف میچ، جس میں مورگن نے چھکے چھڑا دینے کے محاورے کو عملاً دکھایا، صرف 57 گیندوں پر سنچری بنائی، وہ بھی ریکارڈ 17 چھکوں کی مدد سے، یہ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں کسی بھی انفرادی اننگ میں چھکوں کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔

Back to top button