پاکستان کی میچ ریفری ہٹانے سے متعلق درخواست مسترد ، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی جانب سے پاک بھارت میچ کے ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ رات پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ اس سے قبل پاکستان نے "ہینڈ شیک” معاملے پر آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ ریفری پائیکرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹا دیا جائے۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کا یہ مؤقف بھی رد کر دیا کہ میچ ریفری نے بھارتی ٹیم کے دباؤ پر یہ اقدام کیا۔ ادارے کے مطابق گراؤنڈ میں موجود ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ایک رکن نے پائیکرافٹ کو ہینڈ شیک نہ کرنے کے حوالے سے کہا تھا۔
یاد رہے کہ 15 ستمبر کو پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں اپنائے گئے رویے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر ریفری کو نہ ہٹایا گیا تو ٹیم ایشیا کپ کے مزید میچز نہیں کھیلے گی۔
