ٹرافی نہ بھیجی گئی تو معاملہ آئی سی سی میں لے جائیں گے، بھارتی کرکٹ بورڈ

بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ایشیا کپ ٹرافی محسن نقوی سے وصول نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق، اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو باضابطہ خط ارسال کر دیا گیا ہے کہ ٹرافی بھارت بھیجی جائے، بصورت دیگر یہ معاملہ آئی سی سی میں اٹھایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، بھارت کو اس مؤقف پر سری لنکا اور افغانستان کی حمایت بھی حاصل ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے بھارت کو 10 نومبر کو منعقدہ تقریب میں ٹرافی وصول کرنے کی پیشکش کی ہے، تاہم بھارت نے شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب، پاکستان نے معاملے پر قانونی رائے حاصل کر لی ہے تاکہ بھارتی بورڈ کے کسی بھی ممکنہ "اقدام” کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔

دیواجیت سائیکیا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اے سی سی کے صدر محسن نقوی کو اس بارے میں باضابطہ ای میل بھیجی ہے اور اب جواب کے منتظر ہیں۔

جواب میں، محسن نقوی نے بی سی سی آئی کو ایک تفصیلی خط ارسال کیا ہے جس میں ایشیا کپ میں بھارت کی کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے اے سی سی کے غیرجانبدارانہ مؤقف پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ بھارت کا خط سالانہ جنرل میٹنگ سے قبل موصول ہوا تھا، اور میٹنگ میں اس پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے یہ بھی واضح کیا کہ چونکہ بھارتی خط اے سی سی کے تمام ارکان کو بھیجا گیا ہے، اس لیے ریکارڈ درست کرنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 فروری کو کولمبو میں کھیلا جائے گا، جس سے ٹورنامنٹ کا آغاز دھواں دھار انداز میں ہونے کی توقع ہے۔

Back to top button