عمران خان ڈیل نہیں کریں گے : سلمان اکرم راجہ

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہےکہ عمران خان ڈیل نہیں کریں گے اور سر اٹھا کر واپس آئیں گے۔ اسمبلیوں میں کب تک بیٹھنا ہے، یہ فیصلہ عمران خان کریں گے۔
لاہور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ رپورٹ کے مطابق 90 سے 95 حلقوں میں فارم 45 اور 46 میں بڑا فرق سامنے آیا ہے جس سے الیکشن پر حملہ ہوا،ہیرا پھیری برسر اقتدار پارٹی کے حق میں ہوئی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ آئین پر حملہ ہوا ہے جو باعث شرم ہے،آئین میں غیرقانونی ترامیم واپس کرائیں گے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پارلیمان کو بری طرح مفلوج کردیا گیا ہے اور عدالتی نظام کو سیاسی حربے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسمبلیوں میں کب تک بیٹھنا ہے، یہ فیصلہ عمران خان کریں گے، عمران خان ڈیل نہیں کریں گے اور سر اٹھا کر واپس آئیں گے۔
